مراکش فیفا رینکنگ میں ٹاپ 5 میں شامل ہونے والا پہلا عرب ملک بن گیا
مراکش نے فٹبال کی دنیا میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے اور مینز فیفا کی عالمی رینکنگ میں پہلی بار ٹاپ 5 ٹیموں میں جگہ بنانے والا پہلا عرب ملک بن گیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مراکش نے فیفا رینکنگ میں دو درجے ترقی کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اس سے قبل مراکش کی بہترین پوزیشن ساتویں نمبر پر تھی۔ نئی رینکنگ میں مراکش نے پوائنٹس کے اعتبار سے برازیل اور پرتگال کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس کامیابی کے ساتھ مراکش نہ صرف عرب دنیا بلکہ افریقہ کا بھی دوسرا ملک بن گیا ہے جس نے مینز فیفا کی عالمی رینکنگ میں ٹاپ 5 میں جگہ بنائی ہے۔
مراکش کی اس ترقی کی بڑی وجہ حالیہ بین الاقوامی اور براعظمی مقابلوں میں ٹیم کی شاندار کارکردگی ہے۔ ٹیم نے 2022 میں قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں غیر معمولی کھیل پیش کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ اس طرح وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سیمی فائنل تک پہنچنے والی پہلی افریقی اور عرب ٹیم بن گئی تھی۔
مراکش نے 2026 کے ورلڈ کپ میں بھی کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم فرانس کے ہاتھوں شکست کے بعد اس کا سفر ختم ہوگیا تھا۔ اس کے باوجود ٹیم نے مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ کر اپنی مضبوط حیثیت برقرار رکھی۔
ورلڈ کپ کے بعد بھی مراکش کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محمد اوہابی کی کوچنگ میں ٹیم افریقن کپ آف نیشنز (اے ایف سی او این) 2027 کے کوالیفائنگ مرحلے میں اب تک اپنے تمام میچز جیت چکی ہے۔
مراکش نے جمعے کو کھیلے گئے اپنے تازہ کوالیفائنگ میچ میں نائجر کو 0-5 سے شکست دی تھی۔ رباط میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے والی مراکشی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کامیابی کے بعد مراکش گروپ اے میں اپنے حریفوں سے 9 پوائنٹس آگے ہے۔
تاہم مراکش کی افریقن کپ آف نیشنز کی حالیہ چیمپئن شپ متنازع بھی ہے اور اس کا فیصلہ ابھی مکمل طور پر طے نہیں ہوا۔
رواں سال جنوری میں مراکش کے شہر رباط میں ہونے والے فائنل میں سینیگال نے میزبان مراکش کو اضافی وقت میں ایک گول سے شکست دی تھی۔ میچ کے آخری لمحات میں سینیگال کے خلاف پنالٹی دیے جانے پر کھلاڑیوں نے احتجاجاً تقریباً 14 منٹ کے لیے میدان چھوڑ دیا تھا، جس کے بعد وہ دوبارہ کھیلنے کے لیے واپس آئے۔
مراکش پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہا اور مقابلہ اضافی وقت میں چلا گیا، جہاں سینیگال نے فیصلہ کن گول کرکے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔
تاہم دو ماہ بعد افریقی فٹبال کنفیڈریشن (سی اے ایف) کے اپیل بورڈ نے فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے سینیگال کو میچ سے دستبردار قرار دیا اور مراکش کو 0-3 سے فاتح قرار دے کر چیمپئن کا اعزاز دے دیا۔
سینیگال نے اس فیصلے کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس) میں اپیل دائر کر رکھی ہے، جس پر سماعت ہونا باقی ہے۔ اس لیے افریقن کپ آف نیشنز کے ٹائٹل سے متعلق تنازع اب بھی برقرار ہے۔
مراکش نے 1976 کے بعد دوسری مرتبہ افریقن کپ آف نیشنز کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
واضح رہے کہ مراکش 2030 میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان ممالک میں بھی شامل ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اسپین اور پرتگال کے ساتھ مل کر منعقد کیا جائے گا۔