چھوٹے صوبے بنا کر نظام نہیں بدلے گا، پہلے اصلاحات کرنا ہوں گی، سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں نئے اور چھوٹے صوبوں کی تشکیل ایک مثبت اقدام ہو سکتا ہے، تاہم بنیادی اصلاحات کے بغیر ایسا کرنے سے نظام حکمرانی بہتر ہونے کے بجائے نئی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔

خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ محض چھوٹے صوبے بنا کر نظام حکمرانی درست کرنے کی سوچ ناقابل فہم ہے۔ چھوٹے صوبے بنانا مثبت عمل ضرور ہے، لیکن اس سے پہلے بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں، بصورت دیگر اس اقدام کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے شفاف اور نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کیے جائیں، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور پیسے کے بل بوتے پر حکمرانی کا راستہ روکا جائے اور تعلیم یافتہ مڈل کلاس کے لیے سیاست میں آنے کے مواقع پیدا کیے جائیں۔ ان کے مطابق سول سروس اور عدالتی نظام میں اصلاحات بھی ضروری ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے سیاسی خاندانوں اور سلطنتوں کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی سلطنتیں ختم ہونی چاہئیں۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ نئے صوبے بنانے کے نتیجے میں بڑی سیاسی اجارہ داریوں کی جگہ چھوٹی بادشاہتیں قائم ہو جائیں، جبکہ اصل اختیارات ایک ہی مرکز کے پاس رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح نہ ملک چل سکے گا اور نہ ہی ترقی کر پائے گا، اس لیے اس معاملے میں عجلت سے گریز کرنا مناسب ہوگا۔

خواجہ سعد رفیق نے ملک کی موجودہ صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی تناؤ، دہشت گردی، انتہائی غربت اور مفلوج نظام عدل جیسے مسائل سے دوچار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متنازع پارلیمنٹ اور غیر سیاسی مداخلت کی موجودگی میں بھی اصلاحات کی ضرورت اپنی جگہ موجود ہے، تاہم ان حالات میں چھوٹے صوبے بنانا ممکن ہونے کے باوجود اس کے نتیجے میں قائم ہونے والا نظام پائیدار نہیں ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بنیادی اصلاحات کے بغیر صوبوں کی نئی تقسیم ملک کے لیے مزید مسائل اور پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بھوک، غربت اور ناانصافی کا خاتمہ ہے، جبکہ دہشت گردی، بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی عوامل کا خاتمہ بھی ناگزیر ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ اگر ملک کو درست انداز میں چلانا ہے تو پہلے عوام کو ان بنیادی مصائب سے نجات دلانا ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ جلد بازی میں چھوٹے صوبے بنانے جیسے ترقی پسند تصور کو متنازع بنانے سے گریز کیا جائے۔

Related posts