پاکستان اور پرتگال کا تجارت، سرمایہ کاری، زراعت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور پرتگال نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور ہنر مند افرادی قوت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق دورۂ پاکستان پر آئے پرتگال کے وزیرِ خارجہ پاؤلو رینجل کی پیر کے روز وزیراعظم کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے پرتگال کی جانب سے علاقائی مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے اور یورپی یونین کی جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) تجارتی سہولت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

شہباز شریف نے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے قیام کی پاکستانی تجویز قبول کرنے پر بھی پرتگال کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کمیشن دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات کی نشاندہی اور عملی تعاون پر پیش رفت کے لیے ایک منظم طریقہ کار فراہم کرے گا۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

20 پرتگالی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

دونوں رہنماؤں نے پاؤلو رینجل کے دورے کے موقع پر منعقدہ پاکستان پرتگال بزنس فورم کا خیرمقدم کیا، جس میں تقریباً 20 پرتگالی کمپنیوں نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرتگالی کاروباری اداروں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

فوٹو: سوشل میڈیا (وزارتِ  خارجہ پاکستان)
فوٹو: سوشل میڈیا (وزارتِ خارجہ پاکستان)

دونوں ممالک کے درمیان زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں تعاون بڑھانے پر بھی بات ہوئی جب کہ ٹیکسٹائل کے شعبوں سے وابستہ اداروں کے درمیان روابط مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اسحاق ڈار سے ملاقات

اس سے قبل پاؤلو رینجل نے دفتر خارجہ میں اسحاق ڈار سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی پیش رفت اور اقوام متحدہ و یورپی یونین کے فورمز پر تعاون کا جائزہ لیا گیا۔

پرتگالی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، اقوام متحدہ میں اسلام آباد کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے روابط کے فروغ میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال نے معاشی تعاون مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی اور مشترکہ اقدامات کے لیے تجارت و اقتصادی تعاون پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز اور پرتگالی کمپنیوں کو اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت بھی دی۔

اسحاق ڈار نے پرتگال کو پاکستان کی مجوزہ لیبر موبیلٹی پارٹنرشپ پر غور کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پرتگال کے گرین پاتھ نظام کے تحت پاکستانی ہنرمند کارکنوں کے لیے روزگار کے مواقع موجود ہیں۔

سفارتی پاسپورٹ پر ویزا چھوٹ کا معاہدہ

پاکستان اور پرتگال نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا شرائط سے باہمی استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ دونوں ممالک نے دوہرے ٹیکس سے بچاؤ کے معاہدے میں ترامیم اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے قانونی ڈھانچے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔

جی ایس پی پلس پر پرتگال سے حمایت کی درخواست

اسحاق ڈار نے یورپی یونین کے نئے فریم ورک کے تحت پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے پرتگال کی مسلسل حمایت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجارتی سہولت پاکستان کی برآمدات، روزگار اور پائیدار ترقی کے لیے اہم ہے۔

واضح رہے کہ جی ایس پی پلس کے تحت اہل ترقی پذیر ممالک کو انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق، ماحولیاتی تحفظ اور بہتر طرز حکمرانی سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کے عوض یورپی منڈی تک ترجیحی رسائی فراہم کی جاتی ہے۔

پاکستان کو 2014 میں جی ایس پی پلس کا درجہ دیا گیا تھا، جبکہ اکتوبر 2023 میں یورپی پارلیمنٹ نے اس سہولت میں مزید چار سال کی توسیع کی تھی، جس کے تحت پاکستان 2027 تک اس سے مستفید ہوسکتا ہے۔

آئندہ جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن اس سہولت سے منسلک 32 بین الاقوامی معاہدوں پر پاکستان کے عمل درآمد کا جائزہ لے گا۔

تعلیم، ثقافت اور فٹبال کے شعبوں میں بھی تعاون

ملاقات میں جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان شراکت داری، ثقافتی تبادلوں، سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

اسحاق ڈار نے پرتگالی فٹبال کلب ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے درمیان شراکت داری کا خیرمقدم کیا۔

اس شراکت داری کے تحت کلب کا ڈریگن فورس تربیتی پروگرام سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی میں متعارف کرایا جائے گا، جس سے نوجوان فٹبال ٹیلنٹ کی شناخت اور تربیت میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کوچنگ، نوجوان کھلاڑیوں کے ٹورنامنٹس، تربیتی کیمپس اور اسپورٹس سائنس کے شعبوں میں مزید تبادلوں کی تجویز بھی دی۔

پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے روابط کے فروغ میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔

واضح رہے کہ پرتگال کے وزیر خارجہ 22 سے 23 نومبر تک پاکستان کے دورے پر ہیں۔

Related posts