پارلیمان کی بالادستی، عدلیہ اور انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ملک میں جمہوری ری سیٹ کی ضرورت ہے، جس کے ذریعے پارلیمان، جمہوریت، عدلیہ اور انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔
کراچی میں سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت دوسرے صوبوں اور وفاق سے پہلے یہ پروگرام شروع کر کے ایک بار پھر تاریخ رقم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں ایک لاکھ نوجوانوں کو سندھ یوتھ کارڈ فراہم کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ باضابطہ معیشت (فارمل اکانومی) کا حصہ بن سکیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یوتھ کارڈ کی سہولت ایک بینک کارڈ کی طرح ہوگی، جس کے تحت نوجوانوں کو بینک اکاؤنٹ ہولڈرز جیسی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے انہیں موبائل بینکنگ ایپ بھی دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یوتھ کارڈ کا دائرہ سندھ کے تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔
نوجوانوں کے اعتماد کی بحالی کے لیے جمہوری ری سیٹ پر زور
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا کے حالات سب کے سامنے ہیں، مہنگائی اور غربت میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہ معاشی بحران کے باعث آنے والے وقت میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ان خطرناک معاشی حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد پیدا کرنا ضروری ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سوال اٹھایا کہ جب وہ خود ان حالات سے مایوس ہیں تو پاکستان کے نوجوانوں کی کیا کیفیت ہوگی؟
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اگر کسی ری سیٹ کی ضرورت ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوری ری سیٹ کے ذریعے پارلیمان پر اعتماد بحال کرنا ہوگا اور حکومت کو اپوزیشن پر اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت، عدالتی نظام اور انتخابی عمل پر بھی عوام کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔
اپنا گھر اور ہاری کارڈ منصوبوں کا ذکر
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنا گھر اسکیم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت سیلاب متاثرین کو 10 لاکھ گھر تعمیر کرکے فراہم کیے گئے ہیں اور اس انقلابی منصوبے کی وجہ سے پاکستان کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے ہاری کارڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے کسانوں کو مالی معاونت فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
قومی اتحاد کی ضرورت
بلاول بھٹو زرداری نے سیاست دانوں اور حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوام کی خدمت کے بارے میں سوچیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اختلافات ایک طرف رکھ کر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، کیونکہ اگر سیاسی قیادت آپس میں لڑتی رہی تو ملک مزید تقسیم ہوگا اور کسی بھی بحران کا مقابلہ نہیں کرسکے گا۔