ہمیں مانگے تانگے کی نہیں، عزت و وقار کی زندگی چاہیے: وزیرِ اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دوسروں کے سہارے کے بجائے عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے لیے معاشی طور پر خودمختار بننا ہوگا، ملکی معیشت کو عدم استحکام سے نکالنے کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ حاصل ہونے والی کامیابیوں کو عوام کے لیے معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی کو ’ٹکنگ ٹائم بم‘ قرار دیتے ہوئے اس پر قابو پانے کے لیے جلد اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلانے اور سخت فیصلے کرنے کا اعلان بھی کیا۔
نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب اور سوال و جواب کے سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر آبادی میں اضافے کی شرح کو قابو نہ کیا گیا تو ملک کے ترقیاتی اہداف حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا اور عوام بنیادی ضروریات سے بھی محروم رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ایک ’ٹکنگ ٹائم بم‘ ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹر شبانہ کی نگرانی میں ایک ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے، جس میں وزیر صحت بھی شامل ہیں، جبکہ وہ خود اس کی سربراہی کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے کی شرح ملکی معاشی ترقی کی رفتار سے زیادہ ہے۔ اگر وفاق اور صوبوں نے مل کر اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے اقدامات نہ کیے تو ترقی کے اہداف حاصل کرنے کی کوششیں بے مقصد ہو جائیں گی اور ہم ’بھوکے کے بھوکے رہ جائیں گے‘۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جلد اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں معاشی اصلاحات کی طرح آبادی پر قابو پانے کے لیے بھی سخت فیصلے کیے جائیں گے۔
امریکا ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی غیر معمولی کامیابی تھی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران اور امریکا کو 47 سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی غیر معمولی سفارتی کامیابی تھی۔ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کے انعقاد کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کیں اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا اور انتھک کوششیں کیں۔ مذاکراتی عمل کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ اور برادر ملک ہے، جبکہ امریکا اور خلیجی ممالک کے ساتھ بھی پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے گزشتہ سال اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ رواں سال پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی مشترکہ دفاعی معاہدہ طے پایا۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ سہ فریقی دفاعی معاہدے کے جارحانہ مقاصد نہیں اور یہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی شمولیت سے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوگی اور خطے میں خوشحالی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تاریخی تعلقات باہمی اعتماد، اتحاد اور احترام پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر تمام اہم قومی معاملات پر ہم آہنگی اور مکالمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مانگے تانگے کی نہیں بلکہ عزت و وقار کی زندگی گزارنی ہے۔
ایف بی آر اصلاحات سے 900 ارب روپے کی وصولی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بالخصوص سیلز ٹیکس جیسے بالواسطہ ٹیکسوں کی بڑے پیمانے پر چوری ہوتی رہی ہے، تاہم گزشتہ ڈھائی سال کے دوران طویل عرصے سے زیر التوا اصلاحات پر پیش رفت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیکس چوری اور بدعنوانی کی روک تھام کے ذریعے ریکارڈ 900 ارب روپے وصول کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو بدعنوان عناصر سے پاک کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی اور یہ ایک بڑی پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ایسی صنعتوں کو بھی سبسڈیز دی گئیں جو اس کی مستحق نہیں تھیں، حالانکہ سبسڈی غریب قوم کے ٹیکس کا پیسہ ہے۔ ملک کا خسارہ پورا کرنے کے لیے ماضی میں نوٹ چھاپے گئے یا قرضے لیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ملکی معیشت کو عدم استحکام اور ہچکولوں سے نکالا گیا، جس میں قوم کی حمایت بھی شامل رہی۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان کامیابیوں کو حقیقی معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے۔
وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ رواں سال پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، تاہم ملک کو اسے جلد از جلد کم از کم 6 فیصد تک پہنچانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر شاید ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، لیکن ملک کو عزت اور وقار کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے مسلسل محنت، امانت اور دیانت کو اپنانا ہوگا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا، تاہم اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ تین سال قبل یہ تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر تھیں۔
خیبرپختونخوا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی بند کرادی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی جاری تھی، تاہم غیر قانونی مائننگ کرنے والے کارٹلز کو مکمل طور پر روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں حالات کے پیش نظر حکومت کو ایمرجنسی اور گورنر راج جیسے اقدامات پر مجبور ہونا پڑا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پاک فوج مسلسل قربانیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔
بلوچستان میں معدنی وسائل کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ وہاں کئی دہائیوں سے کان کنی جاری ہے، لیکن معدنیات سے حاصل ہونے والا خام مال ملک سے باہر منتقل کیا جاتا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ معدنی وسائل کی ویلیو ایڈیشن کے لیے باقاعدہ منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے پالیسی بھی بن چکی ہے، جس پر جلد عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ملکی معدنی وسائل کو کوڑیوں کے بھاؤ نہیں جانے دیا جائے گا۔
زراعت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع
وزیراعظم شہباز شریف نے زراعت کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 80 برس کے دوران اس شعبے کو وہ توجہ نہیں دی گئی جس کا یہ مستحق تھا۔ اب زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں بھی پاکستان کے لیے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ذہین افراد، محنتی کسانوں، زرخیز زمین، پہاڑوں اور پانی سمیت بے شمار وسائل سے نوازا ہے، تاہم ان وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے محنت کرنا ہوگی۔
نوجوانوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے لیے ایک چیلنج بھی ہیں اور بڑا موقع بھی۔ انہیں جدید ٹیکنالوجی، ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور پیداواری روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند برسوں میں نوجوانوں کے لیے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر انہیں تمام ضروری وسائل فراہم کرنا ہوں گے، جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ووکیشنل اور اسکل ٹریننگ ان کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور انہیں بااختیار بنائے بغیر ملک اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا۔ نوجوان نسل کو تعلیم اور جدید علوم سے آراستہ کرنا پہاڑوں میں موجود معدنی وسائل سے بھی زیادہ قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتا ہے۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے علامہ اقبال کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ترقی نئے افکار اور جدید سوچ سے حاصل ہوتی ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے محنت، امانت اور دیانت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔