حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، جس کے بعد ملک میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتیں مقرر کردی گئی ہیں۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا۔
وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 77 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا۔
پیٹرول کی قیمت 325 روپے 43 پیسے سے بڑھا کر 331 روپے 20 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 383 روپے 95 پیسے سے بڑھا کر 390 روپے 42 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نظرثانی شدہ پیٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت اوگرا نے 18 اگست 2026 سے پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے 14 اگست کو یومِ آزادی کی سرکاری تعطیل کے باعث پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی موجودہ قیمتیں 17 اگست تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یومِ آزادی کے موقع پر پیٹرول کی قیمت میں 45 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 325 روپے 43 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہو گیا تھا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں ٹرانسپورٹ، مال برداری اور دیگر شعبوں کے اخراجات بڑھنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ اور روزمرہ استعمال کی مختلف اشیا کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔