عمران خان شفا انٹرنیشنل اسپتال سے واپس اڈیالہ جیل منتقل
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شفا انٹرنیشنل اسپتال سے واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں جیل کے کمپاؤنڈ میں شفٹ کردیا گیا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو رات گئے اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال میں طبی معائنے کے بعد انہیں دوبارہ سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل واپس لایا گیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی شفا اسپتال منتقلی سے قبل اڈیالہ جیل میں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی تھی۔ میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹر عظمیٰ اور ڈاکٹر فیصل بھی اڈیالہ جیل کے اندر گئے تھے، جہاں میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اسلام آباد پولیس نے شفا انٹرنیشنل اسپتال جانے والے راستے ٹریفک کے لیے بند کردیے تھے، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے منگل کے روز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور علاج سے متعلق کیس میں انہیں دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے عمران خان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے شفا اسپتال میں طبی معائنے اور علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔
عدالت نے میڈیکل بورڈ میں جنرل سرجن، ماہر امراضِ داخلی، ماہر امراضِ چشم اور ماہر امراضِ قلب شامل کرنے کے ساتھ ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو بھی معاونت کے لیے شامل رکھنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے اہل خانہ سے ہفتے میں ایک ملاقات اور بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ فون پر بات کی اجازت دینے کی ہدایت بھی کی تھی۔
سپریم کورٹ نے طبی رپورٹس یا صحت سے متعلق معلومات میڈیا پر جاری کرنے اور شفا اسپتال کے باہر عوامی اجتماع سے بھی روک دیا تھا، جب کہ آئندہ سماعت پر عمران خان کی مکمل طبی رپورٹس پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ قیدی ہونا کسی شخص کو طبی سہولت کے حق سے محروم نہیں کرتا۔
عدالت نے عمران خان سے متعلق مقدمات کو یکجا کرتے ہوئے مزید سماعت 16 ستمبر 2026 تک ملتوی کردی تھی۔