میسی کا ایونٹ: ہزاروں بھارتی شائقین کو ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کا اعلان

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ سال کولکتہ میں لیونل میسی کی شرکت کے دوران ہونے والے متنازع اور بدنظمی کا شکار ایونٹ میں ٹکٹ خریدنے والے 33 ہزار شائقین کو ان کی رقم واپس کی جائے گی۔

یہ اعلان بھارت کے نیشنل اسپورٹس ڈے کے موقع پر کولکتہ میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق ٹکٹوں کی رقم ریاست کے کھیلوں کے بجٹ سے واپس کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس سلسلے میں اندرونی طور پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 13 دسمبر کو فٹ بال کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لیونل میسی نے یووا بھارتی اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا لیکن وہاں شدید بدنظمی اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی تھی۔

اس بدانتظامی کا الزام سابق بھارتی حکومت کے وزیرِ کھیل پر عائد کیا گیا تھا، کیونکہ ایونٹ کے دوران بہت زیادہ بدنظمی پھیل گئی تھی جس پر شائقین سخت غصے میں تھے۔

اس تقریب کے لیے شائقین نے 4 ہزار اور 6 ہزار بھارتی روپے کے مہنگے ٹکٹ خریدے تھے۔ ایونٹ کے دوران میسی کی مختصر موجودگی اور انتظامات سے ناخوش شائقین اس دن سے ہی وہ اپنے پیسے واپس مانگ رہے تھے لیکن طویل عرصے تک انہیں ٹکٹ کی رقم واپس نہیں کی گئی۔

میسی کے دورے کے دوران ہونے والی بدنظمی پر اس وقت کی ریاستی حکومت اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس معاملے میں اس وقت کے کھیلوں کے وزیر اروپ بسواس کے کردار پر بھی سوالات اٹھے تھے، جبکہ بعد میں انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Related posts