اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش سے تباہی، عام تعطیل کا اعلان، فوج طلب
راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے آج تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمس آباد میں سب سے زیادہ 201 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ نیو کٹاریاں میں 186، گولڑہ میں 157 اور پی ایم ڈی کے مقام پر 146 ملی میٹر بارش ہوئی۔ شدید بارش کے پیش نظر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور واسا، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
بارش کے باعث جڑواں شہروں کے متعدد نشیبی علاقے اور اہم شاہراہیں زیرآب آگئیں۔ اولڈ ایئرپورٹ روڈ، رحیم آباد پل اور مری روڈ کمیٹی چوک سمیت کئی سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو گھنٹوں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی-14 میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔
چک شہزاد میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث کامسیٹس یونیورسٹی کے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں داخلہ ٹیسٹ دینے والے متعدد امیدوار بھی بروقت امتحانی مرکز نہ پہنچ سکے۔
دوسری جانب راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف سائرن بجا کر قریبی آبادیوں کو الرٹ کردیا گیا۔ ایم ڈی واسا کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 21 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حساس مقامات پر ہیوی مشینری تعینات کردی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے مطابق واسا، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ نالہ لئی سمیت دیگر نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور صورتحال کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جارہی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو نشیبی علاقوں اور پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والے مقامات سے پانی جلد از جلد نکالنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں اور بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خطے میں بارشوں کا موجودہ سلسلہ 5 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔