حماد اظہر کو انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کو لاہور پولیس نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کی عدالت میں پیش کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے میاں حماد اظہر کو چہرے پر کپڑا ڈال کر انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کیا۔

حماد اظہر کی پیشی کے موقع پر جج نے میڈیا نمائندوں کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کردی۔

جج نے کہا کہ وکلا اور تفتیشی افسر کے علاوہ سب لوگ کمرہ عدالت سے باہر چلے جائیں۔

عدالت نے ہدایت کی کہ کارروائی شروع ہونے پر صحافیوں کو دوبارہ کمرہ عدالت میں بلا لیا جائے گا۔

اس سے قبل ترجمان انویسٹی گیشن پولیس کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حماد اظہر گزشتہ 3 برس سے روپوش تھے اور لاہور پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے حماد اظہر کو حسبِ ضابطہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کو مجاز عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا، جس کے بعد مقدمات سے متعلق مزید تفتیش کی جائے گی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد مقدمات کا چالان انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ گرفتار ملزم کا مضبوط چالان مرتب کرکے اسے قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق حماد اظہر کے خلاف درج مقدمات اور ان میں عائد الزامات کی مزید تفصیلات تفتیش اور عدالتی کارروائی کے دوران سامنے آئیں گی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کو گزشتہ روز ملتان سے گرفتار کر کے لاہور پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ حماد اظہر 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے اور 9 مئی 2023 سے اشتہاری قرار دیے گئے تھے۔

Related posts