پاکستان میں کھیلی جانے والی ٹرائی سیریز کے لیے انگلینڈ کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان اور سری لنکا کے خلاف رواں ماہ کھیلی جانے والی ٹرائی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، ہیری بروک ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ عادل رشید اور سیم کرن کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک لاہور اور راولپنڈی میں کھیلی جائے گی، جس کا اختتام ٹاپ 2 ٹیموں کے درمیان فائنل سے ہوگا۔
ہیری بروک کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ انگلینڈ نے گزشتہ ماہ ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھی۔
انگلینڈ کے اسکواڈ میں ہاتھ کی انجری کے باعث باہر رہنے والے عادل رشید کی واپسی ہوئی ہے جب کہ گراؤئن انجری سے صحت یاب ہونے والے آل راؤنڈر سیم کرن بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
انگلینڈ کے 16 رکنی اسکواڈ میں ہیری بروک (کپتان)، گس اٹکنسن، سونی بیکر، ٹام بینٹن، جیمز کولز، جارڈن کوکس، میسن کرین، ہنری کروکومب، سیم کرن، لیام ڈاسن، بین ڈکٹ، ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید، جو روٹ اور جوش ٹنگ شامل ہیں۔
جوز بٹلر ہیمسٹرنگ انجری کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کے فیصلہ کن میچ میں بٹلر کی غیر موجودگی میں جارڈن کوکس نے وکٹ کیپنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور 52 گیندوں پر 76 رنز بنائے۔
فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو دورے کے لیے آرام دیا گیا ہے جب کہ لیگ اسپنر میسن کرین کو پہلی بار ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 29 سالہ میسن کرین نے آخری مرتبہ 2018 کی ایشز سیریز کے سڈنی ٹیسٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی۔
22 سالہ آل راؤنڈر جیمز کولز اور 21 سالہ فاسٹ بولر ہنری کروکومب بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ دونوں کھلاڑی سری لنکا کے خلاف وائٹ بال اسکواڈز میں شامل تھے۔ ٹرائی سیریز میں انگلینڈ اپنا پہلا میچ 20 اکتوبر کو راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔
انگلینڈ کے میچز
- 20 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، راولپنڈی
- 22 اکتوبر: سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ، راولپنڈی
- 25 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، لاہور
- 29 اکتوبر: سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ، لاہور