بھارتی حکومت نے اجین میں 600 سال قدیم شاہی مسجد کا مینار گرا دیا
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں سڑک کی توسیع کے منصوبے کے دوران شاہی مسجد کے ایک حصے کو ہٹاتے ہوئے مینار گرگیا۔ واقعے میں مسجد کی عمارت کو نقصان پہنچا تاہم حکام کے مطابق کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، جب کہ مقامی مسلم برادری نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں چتری چوک کے قریب تاریخی شاہی مسجد کے ایک حصے کو سڑک کی توسیع کے منصوبے کے تحت ہٹانے کے دوران مینار گرگیا۔
بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق مسجد سڑک کی توسیع کے منصوبے کی زد میں آنے والی تعمیرات میں شامل ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ مسجد کے ایک حصے کو ہٹانے کا کام سڑک کو چوڑا کرنے کے منصوبے کے تحت کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ کے مطابق کارروائی باہمی تعاون اور پُرامن انداز میں جاری ہے۔
حکام کے مطابق کانتھل چوراہے سے گوپال مندر تک تقریباً 900 میٹر سڑک کو 15 میٹر تک چوڑا کیا جا رہا ہے، جس کے لیے مذہبی مقامات سمیت 272 تعمیرات متاثر ہونے کا امکان ہے۔
واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرین کی مدد سے مسجد کا مینار گرایا جا رہا ہے، جو مسجد کے گنبد سے ٹکراتا ہوا عمارت کے اندرونی حصے میں جا گرا۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق مینار ہٹانے کے دوران مشین کا بیلٹ ٹوٹ گیا، جس کے باعث مینار کا ایک حصہ نیچے آگرا اور دو منزلہ عمارت کی چھت کو نقصان پہنچا۔
مسجد کے حوالے سے مقامی مسلم نمائندے شہر قاضی خلیق الرحمٰن نے بتایا کہ مسجد میں پانچوں وقت نماز بدستور ادا کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق مسجد تقریباً 100 سال پرانی ہے۔
دوسری جانب بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ مسجد کے جس حصے کو ہٹایا گیا، وہاں نچلی منزل پر دکانیں بھی موجود ہیں اور سڑک کے منصوبے کے تحت متاثر ہونے والے حصوں سے متعلق پہلے ہی نوٹس جاری کیے جا چکے تھے۔
اجین کے کلکٹر روشن کمار سنگھ نے کہا کہ سڑک کی توسیع کے دوران مسجد کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے، تاہم واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔ انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر گمراہ کن یا جھوٹی معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی بھی تنبیہ کی ہے۔
ادھر واقعے پر مقامی مسلم برادری کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اجین میں سڑک کی توسیع کا یہ منصوبہ 2028 کے سنگھستھ کمبھ میلے کے دوران زائرین کی آمدورفت بہتر بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت نے منصوبے کے لیے تقریباً 9.8 کروڑ بھارتی روپے مختص کیے ہیں۔