کائنات امتیاز کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، نئی ذمہ داری سنبھالیں گی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، وہ اب میچ ریفری کے طور پر کرکٹ سے وابستہ رہیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دائیں ہاتھ کی تیز گیند باز کائنات امتیاز نے اپنے 13 سالہ انٹرنیشنل کیریئر کے دوران 19 ون ڈے اور 21 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

کائنات امتیاز نے اکتوبر 2010 میں جنوبی افریقا کے خلاف پوچفسٹروم میں ٹی 20 انٹرنیشنل سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور پاکستان کی 22 ویں ٹی 20 کیپ حاصل کی جب کہ اگلے سال بنگلہ دیش کے شہر فاط اللہ میں آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کرتے ہوئے پاکستان کی 64 ویں ون ڈے کیپ حاصل کی۔

انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنلز میں 10 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ٹی 20 انٹرنیشنلز میں ان کے نام 8 وکٹیں رہیں۔ کائنات امتیاز 2017 کے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں، جہاں انہوں نے 4 میچز کھیلے۔

وہ 2010 میں چین اور 2014 میں جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ویمنز ٹیم کا حصہ رہیں جب کہ 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں بھی پاکستان ویمنز اسکواڈ کی نمائندگی کی۔

کائنات امتیاز نے پاکستان کی جانب سے آخری ون ڈے انٹرنیشنل جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف گابا میں کھیلا جب کہ آخری ٹی 20 انٹرنیشنل اکتوبر 2022 میں تھائی لینڈ کے خلاف سلہٹ میں کھیلا۔

انہوں نے فروری 2007 میں پی سی بی نیشنل اسکولز انڈر 17 ویمنز چیمپئن شپ میں کراچی اسکولز انڈر 17 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے کرکٹ کیریئر شروع کیا۔ مارچ 2008 میں ڈومیسٹک لسٹ اے کرکٹ کا ڈیبیو کیا جب کہ اسی سال جولائی میں ٹی 20 کرکٹ میں قدم رکھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری کے بعد کائنات امتیاز نے مقامی اور بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹس میں براڈکاسٹر اور کمنٹیٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

اب کائنات امتیاز نے میچ ریفری کے طور پر کیریئر آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں کراچی میں اگست اور ستمبر کے دوران ہونے والے پی سی بی نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیے۔

کائنات امتیاز نے میچ آفیشل کے طور پر اپنی والدہ سلیمہ امتیاز کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سلیمہ امتیاز 2024 میں آئی سی سی کے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون امپائر بنیں جب کہ سلیمہ امتیاز اب تک 9 ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل اور 69 ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کرچکی ہیں۔

کائنات امتیاز سے قبل پاکستان کی سابق ویمن کرکٹر ایمن انور نے بھی اگست میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد میچ ریفری کے طور پر کیریئر شروع کیا تھا۔

Related posts