اداکارہ میرا کو کینیڈا بارڈر سے ڈی پورٹ کر دیا گیا
پاکستانی اداکارہ میرا کو کینیڈین حکام نے ملک میں داخلے سے روکنے کے بعد نیاگرا فال بارڈر سے ڈی پورٹ کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ امریکا سے کینیڈا ایک شو میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں، جہاں انہیں کئی گھنٹے تک امیگریشن حکام نے روکے رکھا اور پھر ان کے ڈی پورٹیشن کے آرڈر پر نکال دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اداکارہ ارتضیٰ ارباب عرف میرا سے کینیڈا کے سرحدی حکام نے پوچھ گچھ کی اور ان کے سفری کاغذات سمیت کینیڈا آنے کی وجوہات کا جائزہ لیا۔ میرا کو انٹرویو کے دوران معلوم ہوا کہ ان کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔
اداکارہ میرا نے ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کینیڈا میں پرفارمنس پر ٹیکس ادا نہ کرنے کی وجہ سے ڈی پورٹ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شو آرگنائزر ٹیکس ادا کرے یا نہ کرے، پرفارم کرنے والے فنکار کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیکس ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد اس معاملے پر تفصیل سے بات کریں گی۔
اطلاعات کے مطابق اداکارہ میرا نے چند ماہ قبل کینیڈا کے شہر کیلگری میں مطلوبہ اجازت نامے کے بغیر اسٹیج پر پرفارم کیا تھا، جس کے بعد ان کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی عائد کیے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
کینیڈا میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کے باعث اداکارہ کا وہاں ہونے والا شو بھی منسوخ ہو گیا، جبکہ ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد وہ نیویارک روانہ ہو گئیں۔ تاہم، اس معاملے پر کینیڈین حکام کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔