کوئٹہ میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، میجر اور کیپٹن شہید
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے، حادثے میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور زیر تربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشاق تربیتی طیارہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں شہید ہونے والے میجر حسنین شہزاد ہمایوں مشاق طیارے میں انسٹرکٹر پائلٹ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے، جبکہ کیپٹن عبدالصمد اسی طیارے میں زیر تربیت پائلٹ تھے۔
حادثے کے نتیجے میں دونوں پائلٹس جان کی بازی ہار گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فوجی تربیتی طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔ قوم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔