پی سی بی کا ‘ہانگ کانگ سکسز’ کی طرز پر نیا ٹورنامنٹ شروع کرنے کا فیصلہ
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ آف سیزن میں 6 کھلاڑیوں پر مشتمل نیا ٹورنامنٹ متعارف کرانے پر غور کررہی ہے، جس کا مقصد لیگ کو سال بھر متحرک رکھنا اور آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنا ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بورڈ آف سیزن یعنی کرکٹ سیزن کے درمیان کے عرصے میں چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹورنامنٹ کرانے کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔
سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم بورڈ کے پاس کچھ دلچسپ منصوبے ہیں، جن میں پی ایس ایل سکسز بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی کچھ بھی حتمی نہیں ہوا، لیکن کچھ دلچسپ منصوبے زیر غور ہیں۔ ان میں سے ایک چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹورنامنٹ ہے، جسے پی ایس ایل سکسز کہا جائے گا۔ یہ ٹورنامنٹ آف سیزن میں منعقد کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر اس ٹورنامنٹ کو باقاعدگی سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو یہ شائقین کے لیے ایک دلچسپ، تفریحی اور پرجوش مقابلہ ثابت ہوگا۔
سلمان نصیر نے مزید کہا کہ پی سی بی اس بات پر بھی غور کررہا ہے کہ اس ایونٹ کو چھوٹے شہروں اور ایسے اسٹیڈیمز تک لے جایا جائے جہاں اب تک پی ایس ایل کے میچز نہیں ہوسکے۔ ان کے مطابق ان علاقوں میں بھی کرکٹ کے شائقین موجود ہیں جو اپنے شہروں میں مقابلے دیکھنے کے خواہش مند ہیں، اس لیے چھوٹے پیمانے پر ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہوسکتا ہے۔
پی سی بی کے اس منصوبے کو پاکستان میں کرکٹ کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ اگر یہ ٹورنامنٹ شروع ہوتا ہے تو اس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکتا ہے، جبکہ چھوٹے شہروں کے شائقین بھی بڑے ناموں اور دلچسپ مقابلوں کو اپنے قریب دیکھ سکیں گے۔
پی ایس ایل سکسز کا فارمیٹ ہانگ کانگ سکسز سے متاثر ہوگا، تاہم دونوں ٹورنامنٹس کے طریقہ کار میں فرق متوقع ہے۔ ہانگ کانگ سکسز میں دنیا کے مختلف ممالک کی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، جبکہ مجوزہ پی ایس ایل سکسز میں پی ایس ایل کی طرح مختلف شہروں یا علاقوں کی نمائندگی کرنے والی فرنچائز ٹیمیں شامل ہوسکتی ہیں۔
ہانگ کانگ سکسز کی تاریخ میں پاکستان کامیاب ترین ٹیم رہی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 1992 میں شروع ہوا تھا اور پاکستان اب تک چھ مرتبہ اس کا ٹائٹل جیت چکا ہے۔ پاکستان دفاعی چیمپئن بھی ہے، جبکہ ہانگ کانگ سکسز کا اگلا ایڈیشن 31 اکتوبر سے یکم نومبر تک شیڈول ہے۔