پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ، پہلے مرحلے کی پولنگ 7 فروری کو ہوگی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں پہلے مرحلے کی پولنگ کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے مختصر حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ صوبائی حکومت کی درخواست اور انتظامی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ انتخابی عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

الیکشن کمیشن کے حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب نے کمیشن کے سامنے موقف اختیار کیا تھا کہ صوبائی حکومت کی کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے درمیان باہمی مشاورت کے دوران انتخابات دسمبر 2026 سے جنوری 2027 کے درمیان کرانے پر اتفاق ہوا تھا۔

چیف سیکریٹری نے استدعا کی تھی کہ موسم کی صورت حال اور انتظامی امور کو سامنے رکھتے ہوئے انتخابات کی تاریخ ترجیحاً 20 جنوری 2027 کے بعد رکھی جائے اور صوبے میں الیکشن کا انعقاد مرحلہ وار کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد اور تمام امیدواروں کو سطحِ ہموار یعنی یکساں مواقع فراہم کرنا کمیشن کی بنیادی آئینی ذمہ داری ہے۔

کمیشن نے چیف سیکریٹری کی درخواست منظور کرتے ہوئے مرحلہ وار الیکشن کے فریم ورک کے تحت 7 فروری 2027 کو پہلے مرحلے کی پولنگ کرانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بعد کے مراحل کے حوالے سے شیڈول اور دیگر تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

Related posts