اینکر ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیشرفت، شوہر کا پولی گرافک ٹیسٹ مکمل
راولپنڈی میں نجی ٹی وی چینل سے وابستہ خاتون اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتولہ کے شوہر اور مقدمے میں زیر حراست ملزم احسن طاہر کا پولی گرافک ٹیسٹ مکمل کرلیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم احسن طاہر کا پولی گرافک ٹیسٹ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری میں کیا گیا، جو 2 گھنٹے سے زائد تک جاری رہا جب کہ پولی گرافک ٹیسٹ میں مقتولہ کے شوہر سے وقوعہ سے متعلق سوالات کیے گئے، جن میں پستول کی الماری میں موجودگی اور گولی چلنے کے واقعے سے متعلق سوالات بھی شامل تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے جوابات کے دوران دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر اور دیگر جسمانی تبدیلیاں نوٹ کی گئیں، ملزم کے جوابات اور جسمانی کیفیت پر مبنی رپورٹ کے نتائج چند روز میں مرتب ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پولی گرافک ٹیسٹ کی رپورٹ سے ملزم کے بیانات کے سچ اور جھوٹ کا تعین ہوگا جب کہ واقعے کے اصل حقائق جاننے کے لیے دیگر پہلوؤں پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔
اینکر ربیعہ احسن قتل کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں نجی ٹی وی چینل کی خاتون اینکر پرسن اور پروگرام میزبان ربیعہ احسن اپنے گھر کے کمرے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی تھیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت مقتولہ کی والدہ اور بہن گھر میں موجود تھیں، جو فائرنگ کی آواز سن کر کمرے کی طرف پہنچیں تو ربیعہ احسن خون میں لت پت فرش پر پڑی تھیں جب کہ ان کے شوہر احسن طاہر پستول تھامے قریب موجود تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے لیا تھا اور جائے وقوعہ سے مبینہ طور پر قتل میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کیا تھا۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جب کہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم احسن طاہر نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران مؤقف اختیار کیا تھا کہ پستول اس کے ہاتھ میں تھا اور اچانک گولی چل گئی، اسے معلوم نہیں تھا کہ اسلحہ لوڈ ہے تاہم پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں احسن طاہر کو نامزد کیا گیا۔
موبائل فونز اور دیگر شواہد کی جانچ
تفتیش کے دوران پولیس نے مقتولہ اور ان کے شوہر کے موبائل فونز بھی فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے تھے تاکہ ان کے درمیان ہونے والی گفتگو اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لیا جاسکے۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر دونوں کے درمیان موبائل فون پر ہونے والی چیٹس میں گھریلو ناچاقی یا تنازع کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا تاہم موبائل فونز مزید تجزیے کے لیے فرانزک لیبارٹری میں ہیں۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے دوران حاصل کیے گئے نمونے بھی پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری لاہور بھجوائے ہیں جب کہ ملزم کے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل بھی تحقیقات کا حصہ ہے۔
ملزم کا جسمانی ریمانڈ
مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں راولپنڈی کی عدالت نے گزشتہ روز 10 نومبر کو احسن طاہر کا جسمانی ریمانڈ مزید 4 روز کے لیے منظور کیا تھا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی تھی کہ ملزم کو 14 نومبر کو دوبارہ پیش کیا جائے اور تفتیشی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔
قبل ازیں ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ راولپنڈی پولیس کے ترجمان سجاد الحسن نے مدعی مقدمہ کی جانب سے کیس واپس لیے جانے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پولیس کو درخواست گزار کی طرف سے مقدمہ واپس لینے سے متعلق ایسی کوئی تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی اور کیس کی تفتیش تمام قانونی اور صحافتی تقاضوں کے مطابق جاری ہے۔