نیویارک میں 3 منزلہ عمارت گرنے سے ہلاکتیں 8 ہوگئیں، 17 افراد زخمی
امریکا کے شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں 3 منزلہ عمارت گرنے سے کم از کم 8 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے ہیں جب کہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق نیویارک کے علاقے بروکلین میں زیر تعمیر مقام کے قریب واقع 3 منزلہ عمارت بدھ کی سہ پہر اچانک منہدم ہوگئی۔ حادثے کے بعد فائر فائٹرز، پولیس اور دیگر امدادی اداروں نے فوری طور پر کارروائیاں شروع کردیں، جو رات بھر جاری رہیں۔
نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے جمعرات کو ہلاکتوں کی تعداد 8 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں کم از کم 17 افراد زخمی ہوئے، جن میں 3 فائر فائٹرز بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ واضح نہیں کہ ملبے تلے مزید کتنے افراد دبے ہوئے ہیں۔

امدادی کارکنوں نے ملبے میں موجود دراڑوں اور خالی جگہوں سے متاثرین کو نکالا جب کہ سرچ آپریشن میں تربیت یافتہ کتوں کی بھی مدد لی گئی۔ بھاری مشینری کے ذریعے ملبے کے بڑے حصے ہٹائے گئے اور فائر فائٹرز نے ہاتھوں سے بھی ملبہ نکالنے کا کام جاری رکھا۔
حادثے کے بعد فلیٹ بش ایونیو کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جب کہ سینکڑوں فائر فائٹرز اور پولیس اہلکار امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
فائر ڈپارٹمنٹ کی کمشنر للین بون سائنور نے بتایا کہ امدادی ٹیمیں انتہائی خطرناک حالات میں کام کر رہی ہیں اور ہر قدم احتیاط سے اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جمعرات کی سہ پہر متوقع شدید بارش سے سرچ آپریشن متاثر ہوسکتا ہے۔

حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 26 سالہ جوز لوئس کاگوانا بھی شامل ہیں، جو تعمیراتی مقام پر کام کر رہے تھے۔ ان کے بھائی کارلوس کاگوانا کے مطابق جوز لوئس کا تعلق ایکواڈور سے تھا اور وہ تقریباً 6 سال قبل امریکا آئے تھے۔ ان کی اہلیہ حاملہ ہیں اور ان کا ایک چھوٹا بچہ بھی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق عمارت گرنے کے وقت زوردار دھماکے جیسی آواز سنائی دی، جس کے بعد علاقے میں دھول اور دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ ایک خاتون نے بتایا کہ انہوں نے امدادی کارکنوں کو ملبے سے لوگوں کو نکالتے دیکھا، جن میں ایک بچہ بھی شامل دکھائی دیا۔
عمارت گرنے کی وجہ کیا تھی؟
نیویارک کے محکمہ تعمیرات کے مطابق حادثے کے وقت عمارت سے متصل خالی پلاٹ پر تعمیراتی کارکن کھدائی کر رہے تھے۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
محکمہ تعمیرات کے مطابق اسی تعمیراتی مقام پر رواں سال مارچ میں حفاظتی انتظامات مکمل نہ ہونے پر کام روکنے کا حکم جاری کیا گیا تھا جب کہ انسپکٹرز نے نشاندہی کی تھی کہ ساتھ والی عمارت کو گراتے وقت حفاظتی جال اور دیگر ضروری انتظامات موجود نہیں تھے۔
اپریل میں معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ کام روکنے کے حکم کے باوجود انہدام کا کام دوبارہ شروع کردیا گیا تھا تاہم مئی میں حفاظتی خامیاں دور کیے جانے کے بعد تعمیراتی کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران نیویارک میں عمارتوں کے حفاظتی مسائل کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل جولائی میں مین ہیٹن کی ایک بلند عمارت کے اندر ستونوں کو نقصان پہنچنے کے باعث متعدد عمارتیں خالی کرائی گئی تھیں۔