بلاول خواہ مخواہ کے بھٹو ہیں؛ نئے صوبوں پر خونریزی کی بات پورے پاکستان کو دھمکی ہے: خالد مقبول صدیقی
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئیرمین بلال بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دلیل کا جواب دھمکی نہیں ہوتا، ہم سندھ کے شہروں کا کسی کی جاگیر نہیں بننے دیں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ اب محض شہری سندھ تک محدود نہیں رہا بلکہ پورے پاکستان کی ضرورت بن چکا ہے اور اس معاملے پر ملک بھر میں بات ہو رہی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی طرح صوبے بھی انتظامی اکائیاں ہیں، تاہم اب صوبے ریاست کا درجہ اختیار کرتے جا رہے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جو بات پہلے شہری سندھ میں ہوتی تھی، آج وہ پورا پاکستان کر رہا ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ جب پاکستان میں صوبوں کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو خونریزی کی بات کیوں ہوتی ہے؟
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دلیل کا جواب دھمکی نہیں ہوتا، آزادی دلانے والے لوگ کسی کے غلام نہیں ہیں، اس لیے مخالفین کو سنبھل کر بات کرنی چاہیے۔
سندھ کے شہری علاقوں اور انتظامی امور سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کراچی کے ڈسٹرکٹس میں آبادی کے لحاظ سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کے سامنے سوال رکھا کہ آخر کراچی کے اضلاع میں کون اضافہ کرتا رہا ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ کے شہری علاقے کسی کے ہاری یا غلام نہیں ہیں، نہ ہی وہ کسی کی جاگیر ہیں اور نہ ہی انہیں کسی کی جاگیر بننے دیا جائے گا۔
خالد مقبول صدیقی نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم نے مہاجر صوبے کی نہیں بلکہ کراچی صوبے کی بات کی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت کے درمیان صدیوں کا فاصلہ ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستان کا مقدر جاگیردارانہ جمہوریت اور موروثی سیاست ہی ہوگا؟ اور کیا چند سو خاندان ملک کی نمائندگی کریں گے؟
اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک لسانی جماعت بھی قرار دیا۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ اگر پاکستان میں نئے صوبوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تو اس پر خونریزی کیوں ہوگی، کیا بلاول بھٹو کے اس بیان کا کوئی نوٹس لے گا؟
خالد مقبول صدیقی نے اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے پورے ملک میں بننے ہیں تو خونریزی صرف سندھ میں کیوں ہوگی، اور یہ بھی واضح کیا جائے کہ شہری علاقوں میں خونریزی کیوں ہوگی اور کون کرے گا؟
ان کا کہنا تھا کہ یہ بیان پورے پاکستان کو دھمکی کے مترادف ہے اور اس معاملے پر عدالتوں کا ازخود نوٹس لینا بنتا ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ خواہ مخواہ بھٹو ہیں، اور مطالبہ کیا کہ ان کے ان سوالات کا جواب ضرور دیا جائے۔
معاشی اور آبادیاتی اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے کل ریونیو کا 97 فیصد حصہ شہری سندھ سے آتا ہے اور صوبے کی 65 فیصد آبادی شہری علاقوں میں آباد ہے۔
ان کا مؤقف تھا کہ جو طبقہ کما کر دیتا ہے اسی کو وسائل خرچ کرنے کا اختیار ملنا چاہیے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے 26 میونسپل اداروں میں سے زیادہ تر ہندوؤں کے پاس تھے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ کے عوام کی اکثریت نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حق میں ہے اور اس حوالے سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات سامنے آنے چاہئیں۔