اسیر پی ٹی آئی قیادت کا چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط
اسیر پی ٹی آئی قیادت نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ کر زیرِ حراست سیاسی رہنماؤں کے منصفانہ ٹرائل، فوری انصاف اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔
خط میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کرتے ہوئے طبی سہولتوں اور اہلخانہ سے رابطے کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خط شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت پانچ رہنماؤں کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے ارسال کیا گیا۔ اس میں زیرِ حراست سیاسی رہنماؤں کی طویل قید، مقدمات اور سزاؤں کے عدالتی عمل پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اسیر قیادت کسی خصوصی رعایت یا قانون سے استثنیٰ کا مطالبہ نہیں کر رہی بلکہ آئین کی بالادستی، بنیادی حقوق کے تحفظ اور تمام زیرِ حراست افراد کے منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنانے کی اپیل کر رہی ہے۔ انصاف خوف، جانبداری اور بیرونی دباؤ کے بغیر فراہم کیا جانا چاہیے۔
خط میں سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے خدشات ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے مبینہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیا جائے۔ اسیر قیادت نے دعویٰ کیا کہ 18 اگست کے عدالتی حکم پر عمل نہیں ہوا۔
خط میں طبی معائنے کے لیے ماہرینِ امراضِ قلب اور چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے اور آزاد طبی ماہرین سے جامع معائنہ اور علاج یقینی بنانے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
بشریٰ بی بی کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے، جبکہ سابق وزیراعظم کو اہلخانہ اور بیٹوں سے رابطے کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے زیرِ التوا مقدمات اور اپیلیں جلد نمٹانے اور عدالتی کارروائی کو سیاسی و انتظامی مداخلت سے پاک رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
اسیر قیادت نے جیلوں میں تمام قیدیوں کے ساتھ بلاامتیاز سلوک، قیدیوں کے حقوق کے تحفظ اور جیل اصلاحات کے لیے قومی کانفرنس کی ضرورت بھی اجاگر کی ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات پر دانستہ عمل نہ کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔
عدلیہ ریاستی اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف آئینی پناہ گاہ ہے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونا آئینی ریاست کے لیے خطرہ ہے۔ اسیر قیادت کے مطابق وہ آئین اور قانون سے بڑھ کر کچھ نہیں مانگ رہی۔