وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کا نظام تشکیل پاچکا، اہداف میں کوتاہی برادشت نہیں کی جائیگی: وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے پی ایم او ایس کی شکل میں ایک انتہائی مؤثر نظام تشکیل پا چکا ہے اور اس سسٹم کے تحت دیے گئے اہداف اور مقررہ وقت میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرِ صدارت پی ایم او ایس کے تحت وزارت قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں جدید تحقیق کو بنیادی اور کلیدی حیثیت حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت زراعت کے شعبے میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سرپرستی اور بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی تاکہ جدید طریقوں سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور رابطہ بڑھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاری کی لاگت میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کے لیے جدید زرعی مشینری کا استعمال ناگزیر ہے، جس کی کاشتکاروں تک آسان فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس کو پی ایم او ایس کے تحت وزارت قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی اور زرعی شعبے میں جاری اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے اجلاس میں بتایا کہ ملک بھر میں زرعی اجناس ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ کسانوں کی رجسٹریشن کے لیے میرا کسان ڈیجیٹل ایپلی کیشن کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومتی سطح پر زرعی شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات کے تحت نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی ایڈوائزری کونسل تشکیل دی گئی ہے جس کے سیکریٹریٹ نے کام کا آغاز بھی کر دیا ہے، جبکہ پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی تشکیل نو پر بھی اجلاس کو اعتماد میں لیا گیا۔
اس کے علاوہ حکام نے بتایا کہ کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے نقصانات سے بچانے کے لیے فصلوں کی انشورنس کی سہولت ناگزیر ہے اور زرعی انشورنس کے نظام کو بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔