انوپم کھیر نے اپنا گھر عالیہ بھٹ کو کیوں فروخت کیا؟

بولی ووڈ کے معروف اداکار انوپم کھیر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنا ذاتی گھر اداکارہ عالیہ بھٹ کو فروخت کر دیا تھا اور اب وہ اپنی مرضی سے کرائے کے گھر میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ اداکار کے مطابق اس فیصلے نے انہیں جائیداد کی دیکھ بھال اور اس سے جڑی پریشانیوں سے آزاد کر دیا ہے۔

جہاں بہت سے لوگوں کے لیے اپنا گھر ہونا ایک بڑا خواب ہے، وہیں انوپم کھیر کرایے کے گھر میں زیادہ سکون محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 10 سال قبل انہوں نے کرائے کے گھر میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ آج بھی اس فیصلے سے مطمئن ہیں۔

صحافی بھارتی پردھان کے یوٹیوب پروگرام ’دی اَن فلٹرڈ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انوپم کھیر نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں صرف ایک گھر خریدا تھا، جو انہوں نے اپنی والدہ کے لیے شملہ میں لیا تھا۔ ان کے مطابق وہ اور ان کے بھائی دونوں کرائے کے گھروں میں رہتے ہیں اور اس طرز زندگی سے خوش ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ کرائے کے گھر میں رہنے کی وجہ سے انہیں جائیداد کی دیکھ بھال، مرمت اور دیگر معاملات کی فکر نہیں کرنی پڑتی۔ ان کے بقول اس فیصلے نے انہیں غیر ضروری ذہنی دباؤ سے آزاد کر دیا ہے۔

انوپم کھیر نے اپنے اس گھر کا بھی ذکر کیا جو انہوں نے عالیہ بھٹ کو فروخت کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ گھر فروخت کرنے کے بعد وہ ایک دوسرے مکان میں منتقل ہوگئے تھے۔

اسی دوران ان کی اہلیہ کرن کھیر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئیں اور چندی گڑھ منتقل ہوگئیں۔ انوپم کھیر کے مطابق وہ اس وقت اپنے لیے نئے گھر کی تلاش میں تھے، لیکن پھر انہیں احساس ہوا کہ وہ کرائے کے مکان میں بھی باآسانی رہ سکتے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے مستقل طور پر کرائے کے گھر میں رہنے کا فیصلہ کرلیا۔

گفتگو کے دوران انوپم کھیر نے انٹرنیٹ پر اپنی دولت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر بھی بات کی۔ ان کے بارے میں مختلف ویب سائٹس پر دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ان کی مجموعی دولت 400 سے 500 کروڑ بھارتی روپے کے درمیان ہے، تاہم اداکار نے ان اعداد و شمار کو غلط قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ انٹرنیٹ پر ان کی دولت کے بارے میں پڑھ کر انہیں مذاق میں اس رقم میں سے کچھ دینے کا مطالبہ کرتے ہیں، حالانکہ ان کے پاس بتائی جانے والی دولت کا 10 فیصد بھی موجود نہیں۔

انوپم کھیر نے واضح کیا کہ کرائے کے گھر میں رہنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اپنی پسند اور آرام دہ زندگی سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ انہیں اچھے ریسٹورنٹس میں کھانا کھانا، آرام دہ سفر کرنا اور بہترین ہوٹلز میں قیام کرنا پسند ہے۔

ان کے مطابق وہ اپنی سہولتوں کا خیال رکھتے ہیں، لیکن زندگی میں ہر وقت زیادہ سے زیادہ چیزیں حاصل کرنے کی خواہش کا کوئی اختتام نہیں ہوتا۔ اسی لیے وہ غیر ضروری چیزوں کے بجائے اپنی زندگی کے سکون کو ترجیح دیتے ہیں۔

فلمی مصروفیات کی بات کی جائے تو انوپم کھیر نے نتیش تیواری کی فلم ’رامائن‘ میں جٹایو کے کردار کے لیے اپنی آواز دی ہے۔ اس کے علاوہ وہ سورج برجاتیا کی آنے والی فلم ’یہ پریم مول لیا‘ میں بھی نظر آئیں گے، جس میں آیوشمان کھرانہ اور شروری واگھ بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم 27 نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔

Related posts