وزیراعظم نے محسن نقوی کے خلاف بات نہ کرنے کی ہدایت کی ہے: رانا ثناء اللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف بیان بازی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیراعظم کو بتایا ہے کہ میں نے محسن نقوی کے خلاف کوئی ذاتی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ میرا وزیر داخلہ سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے بلکہ دونوں کے درمیان 20 سے 22 سال پرانا تعلق ہے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نام لیے بغیر کہا تھا کہ ایک وزیر آج کل روزانہ ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں، اور جس دن انہوں نے اس وزیر کے خلاف تبصرہ کر دیا تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
محسن نقوی کے اس بیان کے ردعمل میں رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ محسن نقوی کیا قائد اعظم ہیں کہ وہ تین سال سے ان کی ذات پر تبصرہ کر رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی وزیر داخلہ کی ذات پر تبصرہ کیا نہ آئندہ کریں گے، اور وہ جو ہیں ان کے خیال میں بس وہی ہیں جس پر تبصرے کی کوئی ضرورت نہیں۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر اپنا مؤقف دہراتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے تشکیل نہیں دیے جا سکتے اور یہ عمل صرف آئینی طریقہ کار کے تحت ہی ممکن ہے۔