مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی: ‏جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا اس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا، عدالت

لاہور ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا ہوگا اس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

عدالت نے بدھ کو مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے اور کارروائی کل تک ملتوی کر دی ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر نظر بندی ہوئی ہے تو معاملہ گھمبیر نوعیت کا ہے، جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا اس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا اور اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا ہے تو وجوہات دینی ہوں گی۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لاہور کے علاقے چوہنگ میں مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر پولیس نفری تعینات کی گئی اور ان کی نقل و حرکت محدود کی گئی۔

مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچے تھے۔

مبینہ نظر بندی اور بازیابی کے لیے جے یو آئی کے کارکن اور وکیل ابرار حسین نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست گزار وکیل کا مؤقف تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر تقریباً تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، قانونی حکم نامے کی نقل طلب کرنے کے باوجود فراہم نہیں کی گئی، انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور مولانا فضل الرحمان کو عملاً گھر تک محدود کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا، نہ انہیں کسی خطرے کی اطلاع سے آگاہ کیا گیا اور نہ ہی ان کی نظر بندی کے کوئی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں اور لاہور کے راستے بند ہونے اور ناکوں کے باعث لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہ راست خطاب نہیں کر سکے۔

مولانا فضل الرحمان نے 26 نومبر کو سرگودھا میں کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سرگودھا ڈویژن میں پارٹی کارکنوں کو بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا کے اضلاع و تحصیلوں سے گرفتار کیا جا رہا ہے، کاروبار بند کیے جا رہے ہیں اور کارکنوں کو منظم ہونے سے روکا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اجتماع کو کامیاب بنائیں۔

جے یو آئی (ف) کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کارکنوں کی گرفتاریاں، سڑکوں کی بندش، کاروباری مراکز سیل کرنا اور مقدمات کا اندراج پارٹی کو روک نہیں سکتے، اور خبردار کیا کہ رہائش گاہ کے باہر بھاری نفری کی مبینہ تعیناتی کے سیاسی نتائج سامنے آئیں گے۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حکومت مخالف بیانات کا سلسلہ شروع کیا تھا، جس میں ان کا مؤقف تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات سے مسائل حل کرنے پر اتفاق کے باوجود گورنر راج نافذ کر دیا گیا۔

اس کے بعد مولانا فضل الرحمان، ان کے بیٹے سابق وفاقی وزیر اسعد محمود اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مالی اور انتظامی تحقیقات کا آغاز ہوا، جسے پارٹی نے کریک ڈاؤن اور انتقامی کارروائی قرار دیا جبکہ حکومتی رہنماؤں نے ان الزامات کو بے بنیاد کہا، اور 19 نومبر کو پارٹی نے مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود سے سیکیورٹی واپس لیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کے حکم نامے کے مطابق لاہور میں 24 سے 26 نومبر تک تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

حکم نامے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر بشمول لاہور میں عسکریت پسند و دہشت گرد تنظیموں اور مخالف انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے امن و امان، سکیورٹی اور جان و مال کو سنگین و فوری خطرات لاحق ہیں، جلسے اور اجتماعات دہشت گرد حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق غیر قانونی اجتماعات سے امن و امان خراب ہونے اور تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، اور اس دوران عوامی مقامات، گلیوں، سڑکوں، شاہراہوں یا موٹرویز پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع و جلوس اور لوگوں کو اکسانے پر پابندی ہوگی، تاہم شادی بیاہ، نماز جنازہ، تدفین، مساجد و گرجا گھروں میں عبادات، سرکاری و نیم سرکاری دفاتر کے امور اور عدالتوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

Related posts