گلیسرین صرف جلد کے لیے نہیں، گھر کے یہ 5 کام بھی آسان بنائے
عام طور پر گلسرین کو صرف جلد اور بالوں کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، خاص طور پر سردیوں کے موسم میں عرقِ گلاب کے ساتھ ملا کر لگانے سے جلد نرم و ملائم ہو جاتی ہے۔ تاہم بہت کم لوگ اس حقیقت سے واقف ہیں کہ یہ سستی اور آسانی سے دستیاب چیز روزمرہ کے گھریلو مسائل حل کرنے اور مختلف اشیاء کو چمکانے میں بھی جادوئی اثر رکھتی ہے۔
گھر میں موجود گلیسرین کی مدد سے کپڑوں کے ضدی داغ صاف کرنے، سامان سے اسٹیکرز اتارنے اور چمڑے کی اشیا کی چمک بحال کرنے جیسے کام بھی کیے جا سکتے ہیں۔
گلیسرین ایک ایسی چیز ہے جو عام طور پر گھروں میں جلد کو نرم رکھنے کے لیے استعمال ہوتی ہے، لیکن اس کے چند دوسرے طریقے بھی روزمرہ زندگی میں کام آسکتے ہیں۔
گلیسرین کو گھر کے مختلف کاموں میں استعمال کرنے کے پانچ آسان طریقے درج ذیل ہیں۔
کپڑوں سے تیل اور سیاہی کے داغ دور کرنے کے لیے
کپڑوں سے تیل اور سیاہی کے ضدی داغ صاف کرنے کے لیے گلسرین نہایت مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ اگر کپڑوں پر سرسوں کا تیل یا روشنائی گر جائے تو پریشان ہونے کے بجائے متاثرہ حصے پر گلسرین لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں، اور اس کے بعد عام صابن یا ڈٹرجنٹ سے دھو لیں۔ اس آسان طریقے سے ضدی داغ مکمل طور پر غائب ہو جاتے ہیں اور کپڑے کا رنگ بھی خراب نہیں ہوتا۔
فرنیچر اور شیشے پر دھول جمنے سے بچانے کے لیے
فریج، شیشے اور دیگر ہموار سطحوں پر بار بار دھول جمع ہونے سے صفائی کا کام بڑھ جاتا ہے۔ اس کے لیے ایک بوتل میں پانی بھر کر اس میں ایک چائے کا چمچ گلیسرین شامل کریں اور اچھی طرح ہلا لیں۔ اس محلول کو شیشوں اور برقی آلات پر چھڑک کر صاف کپڑے سے پونچھ لیں، جس سے سطح پر دھول مٹی جلدی نہیں جمتی اور اشیاء طویل عرصے تک صاف رہتی ہیں۔
پلاسٹک سے اسٹیکرز اتارنے کے لیے
پلاسٹک کی اشیا پر لگے اسٹیکرز اتارتے وقت اکثر ان کا گوند سطح پر چپکا رہ جاتا ہے۔ اس مسئلے کے لیے اسٹیکر پر گلیسرین کے چند قطرے لگائیں اور تقریباً آدھے گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد اسٹیکر اتارنے کی کوشش کریں۔ اس سے اسٹیکر اور اس کے چپکنے والے مادے کو صاف کرنا آسان ہوسکتا ہے اور اس کے پیچھے گوند کا کوئی نشان یا چپچپاہٹ بھی باقی نہیں رہتی۔
چمڑے کے بیگ اور پرس کی چمک بحال کرنے کے لیے
چمڑے کے جوتے، پرس، جیکٹ یا بیگ وقت گزرنے کے ساتھ اپنی قدرتی چمک کھو دیتے ہیں اور پرانے دکھائی دینے لگتے ہیں۔ ایسے چمڑے کے سامان کو دوبارہ نیا جیسا بنانے کے لیے روئی پر تھوڑی سی گلیسرین لگا کر پوری سطح پر ہلکے ہاتھ سے پھیری جائے۔ اس سے ان کی ظاہری چمک بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم اسے استعمال کرنے سے پہلے کسی چھپے ہوئے چھوٹے حصے پر آزمانا بہتر ہے تاکہ چمڑے کو نقصان نہ پہنچے۔
پھنسے ہوئے بیگ کی زِپ کھولنے کے لیے
بیگ یا پرس کی زِپ بار بار پھنس جائے تو اسے زبردستی کھینچنے سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے بجائے کاٹن بڈ کی مدد سے زِپ کے دانتوں پر بہت تھوڑی مقدار میں گلیسرین لگائیں اور پھر اسے آہستہ آہستہ کھولنے اور بند کرنے کی کوشش کریں۔ اس سے زِپ کی حرکت آسان ہوسکتی ہے۔
اس طرح گھر میں رکھی گلسرین کی ایک چھوٹی سی بوتل کئی مہنگے کلینرز اور پالش کا بہترین متبادل ثابت ہو سکتی ہے۔