مکہ دفاعی اتحاد کے کمیٹی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری، اجتماعی دفاع کا اعادہ

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اسلام آباد میں ہونے والے دوسرے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تینوں ممالک نے ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے عزم کو دہرایا اور مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد میں ہونے والی پیش رفت کے ساتھ ساتھ اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے اور اجتماعی دفاعی وعدوں پر عملی اقدامات کا جائزہ لیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب میں مکہ دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جسے ادارہ جاتی امور اور مؤثر رابطہ کاری کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تینوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر سیاسی اور عسکری مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور علاقائی کشیدگی کم کرنے و تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی حمایت کا اعادہ کیا۔

اس کے ساتھ ہی اجلاس میں سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کے شہریوں اور شہری تنصیبات پر مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اجتماعی دفاعی معاہدے کے تحت کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق دفاعی صنعت، مشترکہ ٹیکنالوجی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ تینوں ممالک کی مسلح افواج کی مشترکہ صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی میں اضافے کے عزم کو بھی دہرایا گیا۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ مکہ دفاعی اتحاد کا مقصد مشترکہ سلامتی کے خدشات سے نمٹنا اور خطے میں امن و استحکام کا فروغ ہے۔

اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے وفود نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی کی، جس میں تینوں ممالک نے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے اتحاد اور مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ملاقات میں سعودی وفد کی قیادت سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کی، جن کے ہمراہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی شامل تھے، جبکہ ترک وفد میں وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بایراکتاروغلو شریک ہوئے۔

پاکستانی وفد میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکہ ڈیفنس الائنس کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا، جبکہ رہنماؤں اور عسکری قیادت نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال، مشترکہ دفاع اور سعودی عرب کے تحفظ کے لیے کوششیں بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب میں شہریوں پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔

ان کے مطابق تینوں فریقین نے دفاع، جدید ٹیکنالوجی اور صلاحیت سازی یعنی کپیسٹی بلڈنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے لیے مشترکہ تربیت اور کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خدشے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ افواج کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ مشترکہ اعلامیہ پاکستان کے لیے تاریخی اور دور اندیش قدم ہے، جس کے ذریعے پہلی بار تین اہم مسلم ممالک نے اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور خودمختاری کے احترام کو رسمی اور ادارہ جاتی شکل دی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ محض بیان نہیں بلکہ ایک پیغام ہے کہ مسلم دنیا اپنی سلامتی کے لیے دوسروں کی طرف دیکھنے کے بجائے متحد ہو رہی ہے، یہ اتحاد کسی کے خلاف نہیں ہے، سیکریٹریٹ کے قیام سے یہ مستقل بنیادوں پر کام کرے گا اور دفاعی صنعت، ٹیکنالوجی و تربیت میں تعاون سے پاکستان کی دفاعی خود انحصاری بڑھے گی۔

دوسری جانب سعودی عرب کے معاشی تجزیہ کار ڈاکٹر بندر الجعید نے آج نیوز کے پروگرام ’روبرو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہ فریقی دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف جارحیت پر مبنی نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے لیے ہے اور سعودی عرب میں عوام اس اتحاد کی قدر کرتے ہیں۔

ڈاکٹر بندر الجعید کے مطابق خلیج، غزہ اور مشرق وسطی کی صورتحال سے عالمی معیشت پر اثر پڑا ہے، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان مشاورت اور ادارہ جاتی رابطوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Related posts