اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 11 اور 12 جولائی کو بارشوں کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے ہفتے کے اختتام پر ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 اور 12 جولائی کے دوران کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں کے علاوہ بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
تاہم تھرپارکر اور گرد و نواح کے بعض علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی بھی آسکتی ہے، جس سے آمدورفت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں، جبکہ شہری بھی غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔
دوسری جانب کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ دن کے دوران بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔