آپریشن شعبان: 24 گھنٹوں میں مزید 13 دہشت گرد ہلاک، تعداد 39 ہوگئی: سیکیورٹی ذرائع

بلوچستان کے منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کے ”آپریشن شعبان“ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، جس کے بعد ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے جب کہ 5 جولائی سے جاری آپریشنز میں مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے تسلسل میں پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کا ”آپریشن شعبان“ جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 اور 7 جولائی کو سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 26 دہشت گرد پہلے ہی ہلاک کیے جا چکے تھے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشت گرد مارے گئے ہیں، جس کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 39 تک پہنچ گئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف متعدد آپریشن جاری ہیں اور ان کا گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ خضدار کے علاقے زیدی میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن پر حملے کو بھی پسپا کر دیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 8 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں جب کہ ہیلی کاپٹر آپریشنز کے دوران مزید 5 سے 6 دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز میں اب تک مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

Related posts