کراچی: یومِ آزادی پر دہشتگردی کا منصوبہ بنانے والے بھارتی پراکسی کے 3 دہشتگرد گرفتار

کراچی میں کاؤنٹر ٹیریرازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے سندھ رینجرز اور حساس اداروں کے ساتھ مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے یومِ آزادی کی مناسبت سے قائم کیے گئے اسٹال پر فائرنگ کرنے والے کالعدم تنظیم سندھودیش ریوولیوشنری آرمی (ایس آر اے) کے تین دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ڈی آئی جی اظفر مہیسر نے ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بارہ اگست کی شب موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے کورنگی کے رہائشی امان کو اس کی بیوی اور بچوں کے سامنے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا، جو بعد میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

پریس کانفرنس کے دوران ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے اس واردات سے دو روز قبل سجاد ملاح کے ذریعے اسٹالز کی مکمل ریکی کی تھی اور فائرنگ کے بعد ملزمان تین مختلف موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے تھے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ بیرونِ ملک مقیم ارسلان شاہ نامی شخص نے ان دہشتگردوں کو یہ ٹاسک دیا تھا اور وہی اس نیٹ ورک کو کنٹرول کر رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتاری کے بعد ملزمان سے جب تفتیش کی گئی تو معلوم ہوا کہ غیر ملکی ماسٹر مائنڈز کی ہدایت پر بم دھماکے کی نیت سے بھی مختلف مقامات کی ریکی کی گئی تھی۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک سے ارسلان شاہ نے اگست کے پہلے ہفتے میں دہشتگردوں کو رقم بھیجی تھی اور ان کا بنیادی مقصد یومِ آزادی جیسے قومی تہوار پر شہر میں خوف کی فضا قائم کرنا اور افراتفری پھیلانا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان دہشتگردوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی ہدایت بھی دی گئی تھی اور کالعدم تنظیم ایس آر اے کے پیچھے بھارتی پراکسی شامل ہے جو قومی ایام پر تخریبی کارروائیاں کروانا چاہتی ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ اٹھارہ اگست کو کورنگی کازوے کے قریب سے کالعدم ایس آر اے سے تعلق رکھنے والے تینوں دہشتگردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی جی اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضہ سے تین دستی بم اور اسلحہ برآمد ہوا ہے جن کے خلاف انسدادِ دہشتگردی اور ایکسپلوسیو سبسٹنس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت چار مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی عرفان بہادر نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے اور بہت جلد اس پورے نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

Related posts