آئی سی سی کا بڑا فیصلہ: قذافی اسٹیڈیم لاہور کے ڈی میرٹ پوائنٹس ختم کردیے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی پچ کو دیا گیا ڈی میرٹ پوائنٹ ختم کردیا ہے جب کہ کینیڈا کے میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کی 8 جون کی پچ کے خلاف ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
جمعرات کے روز آئی سی سی نے جون میں کھیلے گئے میچز کی پچز سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کرکٹ کینیڈا کی جانب سے دائر کی گئی 3 اپیلوں پر فیصلے جاری کردیے۔
آئی سی سی اپیل پینل نے میچ کی ویڈیو، میچ ریفری کی رپورٹس اور متعلقہ ٹیموں کے کپتانوں کے سرکاری مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد فیصلے سنائے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 جون کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کی پچ کو ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیے جانے کے بعد قذافی اسٹیڈیم لاہور پر عائد ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا گیا ہے۔
اپیل پینل نے قرار دیا کہ میچ ریفری نے آئی سی سی پچ اور آؤٹ فیلڈ مانیٹرنگ پراسیس کی ہدایات کے مطابق پچ کی درجہ بندی کی تھی تاہم جائزے کے دوران پچ میں ضرورت سے زیادہ غیر ہمواری یا اسپن نہیں پائی گئی۔
اس سے قبل میچ ریفری گریم لا بروئے نے پچ کو ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پچ سست اور نیچی تھی، جس کی وجہ سے رنز بنانا مشکل ہوگیا تھا۔ ان کے مطابق پچ نے میچ کے آغاز ہی سے اسپن بولرز کو مدد فراہم کی اور یہ صورت حال پورے میچ میں برقرار رہی۔
تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کی ٹیم 42 اوورز میں 157 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے بعد پاکستان نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ جیت لیا تھا۔ یہ پہلا موقع تھا جب قذافی اسٹیڈیم کو پچ کے حوالے سے ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔
دوسری جانب کینیڈا کے شہر کنگ سٹی میں واقع میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ سے متعلق بھی آئی سی سی نے 2 اپیلوں پر فیصلہ سنایا ہے۔
8 جون کو امریکا اور نیدرلینڈز کے درمیان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے میچ کی پچ کو ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیا گیا تھا۔ اپیل پینل نے اس فیصلے کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا۔
اپیل پینل کے مطابق 8 جون کے میچ کی پچ تسلی بخش معیار کے مطابق تھی اور اس میں ضرورت سے زیادہ غیر ہمواری، سیم موومنٹ یا اسپن نہیں تھی تاہم 16 جون کو کینیڈا اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ کی پچ کو ’ناقص‘ قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کردی گئی۔ پینل کے مطابق مذکورہ پچ کی صورتحال خطرناک تھی اور اسے ’ناقص‘ پچ کے معیار کے مطابق قرار دیا گیا۔
آئی سی سی کے فیصلے کے بعد میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کے ریکارڈ پر 3 ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار ہیں جب کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور کے ریکارڈ پر اب کوئی ڈی میرٹ پوائنٹ موجود نہیں ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں رواں سال اکتوبر میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ملکی سیریز کے 4 ون ڈے میچز جب کہ نومبر میں سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جانا ہے۔