بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 36 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ہندوستانی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مؤثر اور بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے ضلع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، ان کارروائیوں میں ہندوستانی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد  گولہ بارود کے ذخیرے اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کو موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔

ایک اور  انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع کوئٹہ کے علاقہ شعبان میں کیا گیا، جس میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے 26 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور 2 ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا جب کہ ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی اسپانسر دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسی، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشت گردوں کوہلاک کیا گیا جب کہ 2026 میں آپریشنز کے دوران 1188 سے زائد دہشت گردوں کو بلوچستان میں مارا جاچکا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کے آپریشنز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔

Related posts