نجی حج اسکیم کے پیکیجز کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ مقرر
وزارت مذہبی امور نے نجی حج اسکیم کے تحت حج پیکیجز کے انتخاب اور رقم کی ادائیگی کے لیے آخری تاریخ 20 نومبر 2026 مقرر کر دی ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق رواں سال پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت عازمین کی سہولت کے لیے 14 لاکھ روپے سے لے کر 37 لاکھ 50 ہزار روپے تک کے 16 بنیادی حج پیکیجز کی منظوری دی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق نجی حج اسکیم کے لیے رواں سال مجموعی طور پر 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
عازمین کو اپنی ضروریات اور بجٹ کے مطابق پیکیج منتخب کرنے کی سہولت دی گئی ہے، جبکہ پیکیجز میں مختصر مدت کے حج، بیرون ملک سے براہِ راست پروازوں اور فائیو اسٹار سہولیات سمیت مختلف آپشنز شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بیشتر منظور شدہ حج آرگنائزر کمپنیوں نے اپنے پیکیجز حج پورٹل پر اپ لوڈ کردیئے ہیں، جہاں عازمین دستیاب پیکیجز اور ان کی تفصیلات دیکھ کر اپنی پسند کا پیکیج منتخب کرسکتے ہیں۔
وزارت نے عازمین کو خاص طور پر ہدایت کی ہے کہ پیکیج منتخب کرنے کے بعد ادائیگی صرف حج پورٹل یا ’پاک حج ایپ‘ کے ذریعے کی جائے۔ کسی فرد، ایجنٹ یا حج کمپنی کو براہِ راست رقم ادا کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ عازمین کو مالی نقصان یا دھوکا دہی سے محفوظ رکھا جاسکے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق مقررہ تاریخ تک اگر نجی حج اسکیم کا مختص کردہ کوٹہ مکمل نہ ہوا تو وزارت کو باقی نشستوں کا کوٹہ دوبارہ مختص کرنے کا اختیار حاصل ہوگا لہٰذا نجی حج اسکیم کے تحت حج 2027 کے لیے ارادہ رکھنے والے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر پیکیج کا انتخاب اور ادائیگی مکمل کرلیں۔