ہالی ووڈ اداکارجِم کیری نے 64 سال کی عمر میں تیسری شادی کرلی
ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین جِم کیری نے 64 سال کی عمر میں اپنی گرل فرینڈ من آہ سے تیسری شادی کرلی۔ دونوں نے لاس اینجلس میں ایک نجی اور مختصر تقریب میں شادی کی، جس میں قریبی افراد کی شرکت کی اطلاعات ہیں۔
جِم کیری اور من آہ کے درمیان شادی کی خبریں پہلے ہی سامنے آ رہی تھیں، تاہم اب اداکار کے نمائندے نے ’پیپل‘ میگزین سے بات کرتے ہوئے شادی کی تصدیق کردی ہے۔ ٹی ایم زیڈ کے مطابق دونوں نے ایک انتہائی نجی تقریب میں شادی کی۔
جِم کیری نے اپنے رشتے کو طویل عرصے تک میڈیا کی نظروں سے دور رکھا۔ دونوں کی ایک ساتھ چند مواقع پر تصاویر سامنے آتی رہی ہیں، لیکن اداکار نے اپنی نجی زندگی کے بارے میں زیادہ تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر نہیں کیں۔
شادی سے کچھ عرصہ قبل جِم کیری نے ایک ایوارڈ تقریب کے دوران پہلی مرتبہ من آہ کے لیے اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا تھا۔
فرانس میں ایک تقریب کے دوران ایوارڈ وصول کرتے ہوئے انہوں نے اپنے خاندان کا شکریہ ادا کیا اور من آہ کو اپنی ’بہترین ساتھی‘ قرار دیا۔ انہوں نے اپنے والد کو بھی یاد کیا جنہوں نے انہیں محبت اور زندگی میں ہنسنا سکھایا تھا۔
رپورٹس کے مطابق جِم کیری اور من آہ کئی سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ فروری 2022 میں دونوں کو لاس اینجلس میں ایک فلاحی کامیڈی شو سے نکلتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔ اس کے علاوہ دونوں نے زیادہ تر اپنے تعلق کو نجی رکھا۔
جِم کیری ماضی میں بھی نجی زندگی کو میڈیا سے دور رکھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ 2022 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے ہالی ووڈ کی مصروف زندگی سے کچھ فاصلے اور پرسکون زندگی گزارنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔
من آہ سے شادی سے قبل جِم کیری دو مرتبہ شادی کرچکے ہیں۔ ان کی پہلی شادی اداکارہ میلیسا وومر سے 1987 میں ہوئی تھی جو 1995 تک جاری رہی۔ دونوں کی ایک بیٹی جین بھی ہے۔
اس کے بعد جِم کیری نے اداکارہ لارین ہولی سے 1996 میں شادی کی، تاہم یہ شادی صرف ایک سال بعد 1997 میں ختم ہوگئی۔ اب من آہ کے ساتھ تیسری شادی کے بعد جِم کیری کی نجی زندگی ایک بار پھر خبروں میں آگئی ہے۔