‘منا بھائی ایم بی بی ایس’ کے اداکار وشال ٹھاکر 10 سال سے لاپتا، معمہ حل نہ ہوسکا

بولی ووڈ کی مشہور فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں کرن کا چھوٹا سا کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار وشال ٹھاکر کو لاپتا ہوئے دس سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن آج تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ان کے اہل خانہ آج بھی ان کی واپسی کے منتظر ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وشال ٹھاکر 31 دسمبر 2015 کی رات تقریباً ساڑھے 10 بجے اپنی والدہ سے 500 روپے لے کر گھر سے نکلے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے گھر والوں کو کہا تھا کہ وہ فلم ’اسٹار وارز: دی فورس اویکنز‘ دیکھنے جا رہے ہیں۔

اگلی صبح وشال ٹھاکر کو آٹو رکشہ میں سوار ہو کر اندھیری کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا جہاں ان کی ایک شوٹنگ تھی لیکن اس کے بعد ان کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

رپورٹس کے مطابق یکم جنوری 2016 کو وشال کی آخری معلوم لوکیشن ممبئی کے قریب گھوڑبندر روڈ کے علاقے میں سامنے آئی تھی۔ اس کے بعد ان کا فون بند ہوگیا۔

پولیس کے مطابق اس رات وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ ایک مقام پر تھے اور اس کے بعد سے وہ غائب ہو گئے۔ پولیس افسر این اے کلکرنی کا کہنا تھا کہ یہ بات اب تک واضح نہیں ہو سکی کہ آیا یہ کوئی قتل کا معاملہ ہے، اغوا ہے یا اداکار خود اپنی مرضی سے کہیں چلے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وشال کے لاپتا ہونے کے چند ماہ بعد ان کی سابق گرل فرینڈ بھی مردہ حالت میں پائی گئی۔ اس واقعے نے وشال کے لاپتا ہونے کے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ وشال اور ان کی گرل فرینڈ کے درمیان ایک تنازع ہوا تھا اور مبینہ طور پر اس معاملے کے بعد وشال پریشان تھے۔ ان کے فلمی کام میں بھی کمی آنے کی اطلاعات تھیں۔ تاہم ان تمام باتوں کو ان کے لاپتا ہونے کی حتمی وجہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔

وشال ٹھاکر نے 2003 میں ریلیز ہونے والی سنجے دت اور ارشد وارثی کی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں کام کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ ’ٹینگو چارلی‘ سمیت دیگر فلموں اور ٹی وی پروجیکٹس کا بھی حصہ رہے۔

اگرچہ ان کا کردار بہت بڑا نہیں تھا، لیکن ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کی مقبولیت کے باعث بہت سے ناظرین نے انہیں پردے پر ضرور دیکھا۔

وشال ٹھاکر کے لاپتا ہونے کو ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے، لیکن ان کے بارے میں کوئی قابلِ اعتماد اور حتمی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ ان کی والدہ درگا ٹھاکر کا کہنا ہے کہ انہیں اب بھی امید ہے کہ ان کا بیٹا ایک دن واپس ضرور آئے گا۔

وشال کے معاملے میں پولیس اور خاندان کو اب تک وہ جواب نہیں مل سکا جس سے یہ معلوم ہوسکے کہ یکم جنوری 2016 کے بعد ان کے ساتھ کیا ہوا۔

یوں فلمی دنیا کا یہ اداکار ایک ایسے معمے میں گم ہے جس کا جواب تقریباً 10 سال بعد بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔

Related posts