دوست کی اہلیہ میرے لیے بے ہوش ہوگئیں، زیب خان کا انکشاف

پاکستان شوبز کے ابھرتے ہوئے اداکار اور رئیلٹی شو کے سابق امیدوار زیب خان نے انکشاف کیا ہے کہ شو سے باہر آنے کے بعد انہیں مداحوں کی جانب سے غیر معمولی محبت اور پذیرائی ملی، یہاں تک کہ ان کے ایک دوست کی اہلیہ ان کے شو سے باہر ہونے پر بے ہوش ہوگئیں۔

زیب خان حال ہی میں ایک مشہور رئیلٹی شو میں شریک ہوئے تھے، جہاں ان کی شخصیت اور انداز نے ناظرین کی توجہ حاصل کی۔ شو کے دوران ان کی ملاقات ساتھی امیدوار اسرا عائشہ سے ہوئی اور دونوں نے حال ہی میں شادی بھی کرلی، جس کے بعد یہ جوڑا سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث ہے۔

ایک انٹرویو میں زیب خان نے شو سے باہر آنے کے بعد پیش آنے والے دلچسپ واقعات کے بارے میں بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تماشا کو محض ایک ٹی وی شو سمجھ کر اس میں حصہ لیا تھا اور پوری لگن کے ساتھ اپنا کھیل کھیلا، لیکن باہر آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔

زیب خان نے ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ان کے ایک دوست نے انہیں فون کرکے بتایا کہ ان کی اہلیہ زیب خان کے شو سے باہر ہونے پر اس قدر افسردہ ہوئیں کہ ان کا بلڈ پریشر کم ہوگیا اور وہ بے ہوش ہوگئیں۔

زیب خان کے مطابق انہیں یہ دیکھ کر بڑی حیرت ہوئی کہ جو لوگ انہیں ذاتی طور پر جانتے تھے، وہ بھی ان کی شخصیت کے سحر میں اس حد تک مبتلا ہو چکے تھے۔

زیب خان نے ایک اور واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ایم بی بی ایس کی ایک طالبہ نے انہیں پیغام بھیجا اور بتایا کہ وہ شو کے دوران ان کی کامیابی کے لیے دعائیں کرتی رہی ہیں۔ اداکار کے مطابق اس طالبہ نے ان کی حمایت میں اپنے امتحانات تک چھوڑ دیے تھے۔

زیب خان نے اس حوالے سے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ کوئی مداح ان کی وجہ سے اپنی تعلیم یا اہم ذمہ داریوں کو نظر انداز کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مداحوں کی اتنی محبت دیکھ کر اب انہیں اندازہ ہوا ہے کہ فواد خان جیسے بڑے فنکاروں کو عوام کی جانب سے پذیرائی ملنے پر کیسا محسوس ہوتا ہوگا۔

Related posts