ٹرمپ کی کِم جونگ اُن سے ملاقات کی تازہ کوشش ناکام، خط کھولے بغیر واپس کر دیا گیا: امریکی اخبار
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کی تازہ کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی رپورٹ کے مطابق کِم جونگ اُن نے صدر ٹرمپ کی فون کالز کا کوئی جواب نہیں دیا اور ان کا خط بھی کھولے بغیر واپس کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس معمول کے سفارتی ذرائع سے کِم جونگ اُن تک پہنچنے کی کوشش کی تھی، تاہم کوئی جواب نہ ملنے پر انہوں نے براہ راست خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔
اخبار کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں شمالی کوریا کے مشن کے باہر صدر ٹرمپ کا خط ایک شمالی کوریائی سفارت کار تک پہنچایا، لیکن اقوام متحدہ میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران اس سفارت کار نے وہ سر بمہر خط کھولے بغیر ایک امریکی نمائندے کے سامنے واپس رکھ دیا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق رواں ہفتے صدر ٹرمپ کے دورۂ ایشیا کے دوران بھی دونوں فریقین نے آخری لمحات میں ملاقات کے امکان پر غور کیا، تاہم شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے رکھی جانے والی شرائط واشنگٹن کے لیے قابل قبول نہیں تھیں، جس کے باعث یہ پیش رفت ممکن نہ ہو سکی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کِم جونگ اُن چاہتے ہیں کہ امریکا شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کرے، جو واشنگٹن کے لیے ایک بڑا رکاوٹی نکتہ بنا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان تین بار ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جن میں جزیرہ نما کوریا سے جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ مذاکرات کا مرکزی نکتہ رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق 2019 کے بعد سے پیونگ یانگ کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اندازوں کے مطابق یہ تعداد 20 سے 30 وار ہیڈز سے بڑھ کر اب تقریباً 60 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ شمالی کوریا کے پاس امریکا تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بھی موجود ہیں۔
ماسکو کے ساتھ بڑھتی ہوئی قربت اور سائبر حملوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کے باعث شمالی کوریا کی پوزیشن پہلے سے زیادہ مضبوط بتائی جا رہی ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اس سفارتی تعطل کو توڑنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ نے کئی مراعات دینے پر غور کیا، جن میں 1953 کی جنگ بندی کے بعد معطل ہونے والی کوریائی جنگ کے باضابطہ خاتمے کا معاہدہ اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطہ دفاتر کھولنے کی تجاویز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق واشنگٹن جوہری اور بیلسٹک میزائل تجربات پر سخت پابندیوں کے بدلے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے مکمل خاتمے کے مطالبے سے دستبردار ہونے پر بھی غور کر سکتا ہے، تاہم امریکی پالیسی میں ایسی کسی بھی بڑی تبدیلی سے جنوبی کوریا اور جاپان میں شدید تشویش پیدا ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد صدر ٹرمپ کسی بڑی سفارتی کامیابی کے خواہاں دکھائی دیتے ہیں، لیکن مضبوط پوزیشن میں ہونے کے باعث کم جونگ اُن فی الحال امریکی شرائط پر مذاکرات کے لیے آمادہ نظر نہیں آتے۔