امریکا کی مشرقی ریاستوں میں شدید طوفان، پروازیں منسوخ، بجلی کی فراہمی متاثر
امریکا کی مشرقی ریاستوں میں شدید طوفان کے باعث فضائی سفر متاثر ہوا ہے، سیکڑوں پروازیں منسوخ اور متعدد تاخیر کا شکار ہیں، جب کہ تیز ہواؤں سے بجلی کی بندش کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق طوفان کا دائرہ الینوائے سے نیوجرسی تک پھیلا ہوا ہے، جس کے باعث ملک کے مصروف سفری راستوں پر آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ خراب موسم کے پیش نظر نیویارک کی میسیز تھینکس گیونگ پریڈ بھی ملتوی کردی گئی، یہ اس پریڈ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ اسے ملتوی کیا گیا۔
طوفان کے اثرات نیویارک، نیوجرسی، پنسلوانیا، میری لینڈ، ورجینیا، ڈیلاویئر، کنیکٹیکٹ اور میساچوسٹس سمیت مشرقی امریکی ریاستوں میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ نیویارک سٹی، فلاڈیلفیا، بالٹی مور، واشنگٹن اور بوسٹن سمیت متعدد شہروں میں خراب موسم کے باعث سفری مشکلات اور دیگر خدشات بڑھ گئے ہیں۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق جمعرات کی صبح ساڑھے 8 بجے تک امریکا میں 820 سے زائد پروازیں منسوخ اور تقریباً 500 تاخیر کا شکار ہوچکی تھیں۔ تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے باعث پہلے ہی فضائی ٹریفک میں کمی کا منصوبہ تھا، تاہم خراب موسم نے ایئرلائنز کو مزید پروازیں منسوخ کرنے پر مجبور کردیا۔
بالٹی مور واشنگٹن انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی ایک چوتھائی سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئیں، جب کہ واشنگٹن کے رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی تقریباً 8 فیصد پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ نیویارک کے لاگارڈیا اور جان ایف کینیڈی ایئرپورٹس پر بھی آنے اور جانے والی تقریباً 7 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
دوسری جانب میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بدھ کی رات فیڈیکس کا ایک کارگو طیارہ رن وے سے آگے نکل گیا، جس کے باعث جمعرات کو بھی بعض پروازوں کی آمد متاثر ہوئی۔
بارش کے دوران لینڈنگ کرتے ہوئے میکڈونل ڈگلس ایم ڈی 11 طیارہ رن وے پر نہ رک سکا اور پھسلتا ہوا ایئرپورٹ کی باڑ کے اندر جا رکا۔ واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
طیارے کی موجودگی کے باعث ایئرپورٹ کا ایک رن وے استعمال نہیں کیا جاسکا۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق میامی آنے والی پروازوں کو 30 منٹ تک فضا میں انتظار کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم جمعرات کو ایئرپورٹ پر مکمل گراؤنڈ اسٹاپ یا زمینی تاخیر متوقع نہیں تھی۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
طوفان کے باعث وسطی بحر اوقیانوس کے ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح بھی بلند ہورہی ہے۔ ان علاقوں میں 2012 کے سپر اسٹورم سینڈی کے بعد پانی کی بلند ترین سطح ریکارڈ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی بندش کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔
امریکا کے مغربی ساحل پر بھی الگ طوفان بارش اور تیز ہواؤں کا سبب بن رہا ہے۔ سان ڈیاگو میں غیر معمولی بلند سمندری لہروں کے بعد سان فرانسسکو کے قریب ایک گھاٹ کا کچھ حصہ بھی گر گیا تھا۔