کراچی میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے مزید 2 لاشیں برآمد، جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی

کراچی میں منہدم ہونے والی چھ منزلہ عمارت کے ملبے سے چوتھے روز بھی دو لاشیں نکالی گئی ہیں، جس کے بعد اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے تلے سے نکالی جانے والی مزید دو لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ اس سے ایک روز قبل تین دن بعد عادل نامی شخص کو ملبے سے زندہ نکالا گیا تھا۔

دوسری جانب جناح اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے پہلے روز 14 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا تھا، جن میں سے 13 افراد کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ ایک زخمی کا علاج تاحال جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر امدادی کارروائی میں انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے اور بھاری مشینری کے بجائے دستی تلاش یعنی مینوئل سرچ پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بھاری مشینری کے استعمال سے ملبے تلے موجود لاشوں کو نقصان پہنچنے اور عمارت کے باقی ماندہ ڈھانچے کے مزید گر جانے کا خدشہ ہے، اس لیے ملبے میں مخصوص راستے بنا کر اندر داخل ہو کر تلاش کا عمل جاری رکھا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 25 نومبر کو کراچی میں 600 گز کے ایک رہائشی پلاٹ پر تعمیر کی جانے والی چھ منزلہ عمارت چند لمحوں میں زمین بوس ہو گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق عمارت کا منظور شدہ نقشہ گراؤنڈ پلس ون کا تھا، تاہم مبینہ طور پر 5 اضافی منزلیں تعمیر کر دی گئیں، جن میں چھٹی منزل ابھی مکمل نہیں ہوئی تھی اور عمارت گزشتہ ایک سال سے زیر تعمیر تھی۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق اس پلاٹ پر فلیٹس اور یونٹس کی تعمیر کی اجازت نہیں تھی۔

اس مبینہ غیرقانونی تعمیرات میں محمد عبداللہ شکیل، بلال شکیل اور ذیشان اسلم عرف شانی کے نام سامنے آئے ہیں، جبکہ آرکیٹیکٹ کا نام محمد فرحان بصیر بتایا گیا ہے، جن کے کردار اور ذمہ داری کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق یونین کمیٹی نمبر 3 محمود آباد کی جانب سے پلاٹ مالکان کو تین مرتبہ نوٹس جاری کیے گئے تھے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے بھی نوٹسز دیے، تاہم مالکان اور بلڈرز نے عدالت سے حکم امتناع یعنی اسٹے آرڈر حاصل کر لیا تھا۔

میئر کراچی نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر سمیت دیگر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایڈمن سوسائٹی میں دو درجن سے زائد عمارتیں ایسی ہیں جہاں رہائشی پلاٹس پر تجارتی طرز کی تعمیرات جاری ہیں۔

Related posts