مداح کی اشتعال انگیز حرکت کے بعد یوروپا لیگ کے دوران شدید ہنگامہ آرائی، متعدد افراد زخمی

یوروپا لیگ میں فرانسیسی کلب مارسی اور بلغاریہ کے لیوسکی صوفیہ کے درمیان میچ کے دوران شائقین کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی ہوئی، جس کے نتیجے میں بلغاریہ کے 6 شائقین شدید زخمی ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کا آغاز ایک مداح کی جانب سے نازی سلامی کے نعرے لگانے کے بعد ہوا، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

یہ واقعہ 26 نومبر کو فرانس کے شہر مارسی کے اسٹیڈ ویلودروم میں پیش آیا، جہاں میچ شروع ہونے سے تقریباً 10 منٹ قبل دونوں ٹیموں کے حامیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔

اطلاعات کے مطابق مارسی کے سیکڑوں شائقین اپنی نشستیں چھوڑ کر لیوسکی صوفیہ کے حامیوں کی جانب بڑھے، جس کے بعد اسٹینڈز میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ جھڑپوں کے دوران شائقین نے ایک دوسرے پر اشیا اور آتش گیر مواد بھی پھینکا۔ بعض شائقین کو لاٹھیوں اور دیگر اشیا سے حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مارسی پولیس نے بتایا کہ جھڑپوں میں 11 بلغاری شہری زخمی ہوئے، جن میں سے 5 کو آنکھوں کی چوٹوں، سر پر زخموں اور کندھے کی ہڈی اترنے سمیت مختلف نوعیت کی تکالیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

رائٹرز کی رپورٹ میں 6 بلغاری شائقین کے اسپتال میں داخل ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔ جھڑپوں کے دوران 2 پولیس اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔

واقعے کے آغاز سے متعلق مختلف اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ رائٹرز کے ایک فوٹوگرافر نے آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے کہا کہ جھڑپیں مہمان ٹیم کے ایک حامی کی جانب سے نازی سلامی دینے کے بعد شروع ہوئیں، جبکہ لیوسکی صوفیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کے شائقین پر پہلے مارسی کے حامیوں نے حملہ کیا۔ فرانسیسی حکام اس واقعے میں نازی سلامی اور دیگر اشتعال انگیز حرکات کے الزامات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بلغاریہ کے وزیراعظم رومین رادیف سے گفتگو میں بلغاری شائقین کو نشانہ بنانے والے تشدد کی سخت مذمت کی۔

علاوہ ازیں میکرون نے یقین دہانی کرائی کہ اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ بلغاری وزیراعظم رومین رادیف نے بھی تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جارحیت اور تشدد کے لیے مہذب یورپ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے زخمی بلغاری شہریوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور ان کی حفاظت یقینی بنانے پر فرانسیسی حکام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Related posts