راولپنڈی: منشیات فروشوں سے گٹھ جوڑ کا الزام، 6 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
راولپنڈی میں منشیات فروشوں کے بین الاضلاعی گینگ سے مبینہ گٹھ جوڑ اور اس کے 2 ارکان کی رہائی کے عوض 40 لاکھ روپے وصول کرنے کے الزام میں پولیس افسران سمیت 6 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ سول لائنز میں درج کیا گیا ہے، جس میں ایس ایچ او صدر واہ انسپکٹر سجاد احمد، سب انسپکٹر نبیل احمد اور 4 دیگر پولیس اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق سب انسپکٹر نبیل احمد نے منشیات فروشوں کے بین الاضلاعی گینگ کے 2 ارکان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں اپنی نجی تحویل میں رکھا اور ان کی رہائی کے لیے 40 لاکھ روپے وصول کیے۔ یہ رقم نقد اور بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے منتقل کی گئی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او صدر واہ سجاد احمد کو بھی 10 لاکھ روپے منتقل کیے گئے تھے۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے منشیات فروش بلال پٹھان اور اس کے ایک ساتھی کو پکڑ کر نجی تحویل میں رکھا تھا اور ان کی رہائی کے لیے 40 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔
مقدمے میں سب انسپکٹر نبیل احمد اور انسپکٹر سجاد احمد کے علاوہ کانسٹیبل معین احمد، تیمور شہزاد، آصف جاوید اور فیصل کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او انسپکٹر سجاد احمد اور سب انسپکٹر نبیل احمد کے خلاف ہونے والی محکمانہ انکوائری میں الزامات ثابت ہوچکے ہیں، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔