پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے: بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا اعتراف

بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں بہتری آ رہی ہے اور پاکستان کا خلائی ادارہ سپارکو بھی اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے، جبکہ ترکیہ کی جانب سے بھی پاکستان کو معاونت ملنے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے نئی دہلی میں مستقبل کی جنگوں اور بھارت کی کثیرالجہتی دفاعی تیاریوں سے متعلق ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں چینی مدد سے اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ سپارکو اپنی مقامی صلاحیتوں کو بھی ترقی دے رہا ہے۔

جنرل سبرامنیم نے کہا کہ بھارت کو یہ بھی پیش نظر رکھنا ہوگا کہ ترکیہ کی جانب سے پاکستان کو مدد مل سکتی ہے۔

جنرل راجا سبرامنیم کا کہنا تاھ کہ چین کو انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی یعنی آئی ایس آر کے علاوہ پوزیشننگ، نیویگیشن اور ٹائمنگ یعنی مقام کی تعین، سمت شناسی اور وقت کی درست پیمائش کے شعبوں میں جو صلاحیتیں حاصل ہیں، پاکستان بھی ان سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی دفاعی منصوبہ بندی میں ان امکانات کو شامل کرنا ہوگا اور اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔

بھارتی فوجی سربراہ نے کہا کہ بھارت کے خلائی بنیادوں پر نگرانی کے منصوبے کے تیسرے مرحلے یعنی ایس بی ایس تھری سے ملک کی دفاعی اور نگرانی کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مزید سیٹلائٹس تیار کرنے اور انہیں خلا میں بھیجنے کے طریقوں پر بھی کام کر رہا ہے، اور اس مقصد کے لیے نجی شعبے کے کاروباری اداروں اور ماہرین سے بھی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔

Related posts