افغانستان میں اسکول کے قریب دھماکا، بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق، 110 زخمی
مشرقی افغانستان کے صوبہ کنڑ میں ہفتے کے روز ایک پرائمری اور مڈل اسکول میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد جں بحق اور 110 زخمی ہو گئے، جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔
افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے ہلاکتوں کی تعداد 10 بتاتے ہوئے کہا کہ واقعے میں 110 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کنڑ کے صوبائی پولیس ہیڈکوارٹرز کے ترجمان فرید دہقان کے مطابق دھماکا صبح 10 بجے صوبائی دارالحکومت اسد آباد کے مضافاتی علاقے اندر سیر میں واقع ایک اسکول میں ہوا۔
کنڑ کے ڈائریکٹر اطلاعات و ثقافت سمیع الحق بیان نے بتایا کہ ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسد آباد کے مضافات میں واقع اسکول میں یہ دھماکا کان کنی کی کمپنیوں کے زیر استعمال بارودی مواد کے گودام میں غفلت کے باعث پیش آیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اسپتال کے وارڈ سے سامنے آنے والی فوٹیج میں زخمی کم عمر بچوں کو دکھایا گیا جن میں سے کئی کے سروں پر پٹیاں بندھی ہوئی تھیں اور بعض ایک ہی بستر پر دو، دو کی تعداد میں لیٹے ہوئے تھے، جبکہ اسکول کی فوٹیج میں عمارت کا ایک حصہ منہدم دکھائی دیا اور ایک کمرۂِ جماعت کے فرش پر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یعنی یونیسیف کے نیلے رنگ کے اسکول بیگ گرد میں اٹے پڑے نظر آئے۔

اسکول کے بالکل ساتھ رہائش پذیر مقامی شہری نور رحمان نے بتایا کہ انہوں نے دھماکے کی آواز سنی اور گرد و غبار اٹھتے دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ سیدھے گرد و غبار کی طرف دوڑے کیونکہ ان کے اپنے بچے وہاں موجود تھے، اور جب وہ ایک کمرے میں داخل ہوئے تو وہاں چیخ و پکار مچی ہوئی تھی، جہاں انہوں نے اپنی بھتیجی کا ہلتا ہوا ہاتھ دیکھا اور اینٹیں ہٹا کر اسے اور دیگر زخمیوں کو باہر نکالا۔

ایک اور مقامی شہری حاجی سلیمان، جن کا بیٹا دھماکے میں زخمی ہوا، انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی دکان کی طرف جا رہے تھے کہ انہوں نے دھماکا سنا اور دیکھا۔
اسپتال میں اپنے بیٹے کے بستر کے قریب گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر طرف لکڑی کے ٹکڑے اور انسانی اعضا اڑ رہے تھے، اور جب وہ اسکول پہنچے تو کچھ بچے دم توڑ چکے تھے، کچھ خون میں لت پت تھے، بعض چھتیں گر چکی تھیں، دیواریں ختم ہو گئی تھیں اور کچھ باقی نہیں بچا تھا۔

مقامی رہائشی علی رحمان نے بھی بتایا کہ دھماکا سن کر وہ فوری طور پر اسکول پہنچے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
علی رحمان نے بتایا کہ کچھ بچے ٹوٹے ہوئے شیشوں سے زخمی ہوئے تھے، کچھ گرتی ہوئی دیواروں کی زد میں آئے تھے اور کچھ ملبے تلے پھنسے ہوئے تھے، جن کے ساتھ اساتذہ اور دیگر زخمیوں کو بھی باہر نکالا گیا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان کے صوبہ کنڑ میں ایک اسکول کے قریب دھماکے کی اطلاعات پر ادارے کو شدید صدمہ پہنچا ہے جس میں متعدد بچے جان کی بازی ہار گئے اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ یونیسیف اور اس کے شراکت دار ادارے متاثرہ مقام پر موجود ہیں، زندہ بچ جانے والوں کو جان بچانے والی طبی امداد فراہم کر رہے ہیں اور متاثرہ بچوں و خاندانوں کی مزید ضروریات کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ اسکولوں کو ہر بچے کے لیے محفوظ مقام ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ کان کنی افغانستان کی ایک بڑی صنعت ہے جہاں خام لوہا، تانبا، سیسہ، جست، سونا، کوئلہ اور قیمتی پتھروں کے ذخائر موجود ہیں، تاہم کان کنی کی کمپنیوں میں حفاظتی معیار اکثر ناقص ہونے کے باعث حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔
کنڑ میں قیمتی پتھروں کی کان کنی میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں مختلف کمپنیاں قیمتی پتھر نکال کر نیلامی کے ذریعے فروخت کرتی ہیں۔