گڈز ٹرانسپورٹرز کا کل وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

خیرپور ببرلوبائی پاس پر متازع کینالز کے خلاف 10 روز سے دھرنا جاری ہے، اس حوالے سے گڈز ٹرانسپورٹرز نے کل وزیراعلی ہاؤس اور گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا۔

ملک شہزاد اعوان کی سربراہی میں گڈز ٹرانسپورٹرز تنظیموں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کا کروڑوں اور اربوں روپے کا مال تباہ ہو رہا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کی جانب سے کل سہ پہر 3 بجے نیو ٹرک اسٹینڈ سے وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی جائے گی۔

نئی نہروں پر سندھ میں احتجاج: ٹرکوں پر لدا سامان خراب، گیس سے بھرے ٹینکرز سے دھماکے کا خدشہ

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 10 دنوں سے سکھر میں ہمارے قریب 40 ہزار مال بردار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، جس سے شدید مالی نقصان ہو رہا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ نیو ٹرک اسٹینڈ سے ٹرک، ٹرالے اور کنٹینرز مارچ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ کے دفاتر کے سامنے پرامن احتجاج کریں گے۔

انہوں نے وفاقی اور سندھ حکومت سے فوری طور پر راستے کلیئر کروانے کا مطالبہ کیا۔ ملک شہزاد اعوان نے یاد دہانی کرائی کہ ٹرانسپورٹرز نے کنال کے مسئلے پر سندھ حکومت کا ساتھ دیا تھا، اب حکومت کو بھی ان کے مسائل پر فوری ایکشن لینا چاہیئے۔

Similar Posts