ایشیا کا نیا چیمپئن کون؟ فیصلہ کل ہوگا، پاکستان کی نظریں چوتھے ٹائٹل پر، سری لنکا بھی تیار

ایشیا کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کا بادشاہ کون ہوگا؟ رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کا فائنل کل دوحا میں پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے فیصلہ کن معرکے تک پہنچی ہیں، پاکستان چوتھی جب کہ سری لنکا تیسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے کے لیے میدان میں اترے گا۔

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کا فائنل اتوار 29 نومبر کو قطر کے شہر دوحا کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان شاہینز کا فائنل تک سفر

عبدالصمد کی قیادت میں پاکستان شاہینز نے گروپ بی کے تینوں میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 61 رنز سے شکست دی، دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت اے کو 48 رنز سے ہرایا جب کہ تیسرے میچ میں نیپال کو 96 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا۔

سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ بنگلادیش اے سے ہوا، جہاں قومی ٹیم نے 233 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 45.2 اوورز میں حاصل کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ اس طرح پاکستان شاہینز ایونٹ میں مسلسل 4 فتوحات کے ساتھ فائنل میں پہنچی ہے۔

سری لنکا اے کا فائنل تک سفر

دوسری جانب سری لنکا اے نے گروپ اے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تینوں میچز جیتے۔ پہلے میچ میں افغانستان اے کو 6 وکٹوں سے شکست دی، دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کو 24 رنز سے ہرایا جب کہ تیسرے میچ میں بنگلادیش اے کو 7 وکٹوں سے زیر کیا۔

سری لنکا اے نے سیمی فائنل میں بھارت اے کے خلاف بھی شاندار کھیل پیش کیا۔ بھارت اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے، جس کے جواب میں سری لنکا اے نے ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 41.3 اوورز میں حاصل کرلیا اور 8 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ کر فائنل میں جگہ بنائی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سابقہ مقابلے

پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں اب تک 5 مرتبہ مقابلہ ہوچکا ہے، جن میں پاکستان نے 3 اور سری لنکا نے 2 میچز جیتے ہیں۔

  • 2017 کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

  • 2019 کے گروپ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 90 رنز سے ہرایا۔

  • 2023 کے سیمی فائنل میں پاکستان نے 60 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

  • 2024 کے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔

  • 2025 کے سیمی فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 رنز سے ہرایا۔

گزشتہ ایڈیشن میں بھی دونوں ٹیموں کا سیمی فائنل میں آمنا سامنا ہوا تھا، جہاں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی تھی۔

کس ٹیم نے کتنے ٹائٹل جیتے؟

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ، جو پہلے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے نام سے کھیلا جاتا تھا، کی تاریخ میں پاکستان سب سے زیادہ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم ہے۔

  • پاکستان: 3 مرتبہ (2019، 2023، 2025)

  • سری لنکا: 2 مرتبہ (2017، 2018)

  • بھارت: ایک مرتبہ (2013)

  • افغانستان: ایک مرتبہ (2024)

پاکستان شاہینز نے گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں بنگلادیش اے کو سپر اوور میں شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اب قومی ٹیم چوتھی مرتبہ چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گی جب کہ سری لنکا اے تیسری مرتبہ ٹرافی جیتنے کی کوشش کرے گی۔

یوں دوحہ میں ہونے والا فائنل صرف ٹرافی کی جنگ نہیں بلکہ دو مضبوط ٹیموں کے درمیان اعزاز اور برتری کی جنگ بھی ہوگا۔ پاکستان شاہینز اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھ پائے گی یا سری لنکا اے چیمپئن بن کر تاریخ رقم کرے گی، اس کا فیصلہ کل ہوگا۔

Related posts