کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی عمارت سے مزید 2 لاشیں برآمد، ہلاکتیں 15 ہو گئیں

کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی چھ منزلہ عمارت کے ملبے سے رات گئے مزید دو لاشیں نکالے جانے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے، جبکہ دوسری جانب غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری مہم کے دوران شہر بھر میں اب تک 516 عمارتیں سیل کر دی گئی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق رات گئے ملبے سے نکالی گئی ایک لاش کی شناخت عباس علی ولد راہب خان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ عمارت کا ملبہ ہٹانے اور دو لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بھاری مشینری کے استعمال سے ملبے تلے موجود لاشوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور عمارت کے باقی ماندہ ڈھانچے کے مزید گرنے کا بھی امکان ہے، تاہم ریسکیو ٹیموں نے ملبے میں کچھ راستے یعنی پاکٹس بنا لیے ہیں جن کے ذریعے اندر داخل ہو کر تلاش کا عمل جاری رکھا جا رہا ہے۔

ملبہ ہٹانے کے لیے چار شاول اور چار ایکسیویٹر مشینیں استعمال کی جا رہی ہیں، جبکہ متعدد ٹرک بھی ملبہ منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ 25 نومبر کو 600 گز کے ایک رہائشی پلاٹ پر تعمیر کی جانے والی یہ چھ منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی تھی۔

حکام کے مطابق، عمارت کا منظور شدہ نقشہ گراؤنڈ پلس ون کا تھا، تاہم مبینہ طور پر پانچ اضافی منزلیں تعمیر کر دی گئیں، عمارت گزشتہ ایک سال سے زیر تعمیر تھی جس میں چھٹی منزل ابھی مکمل نہیں ہوئی تھی۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق اس پلاٹ پر فلیٹس اور یونٹس کی تعمیر کی اجازت نہیں تھی۔

اس مبینہ غیر قانونی تعمیر میں محمد عبداللہ شکیل، بلال شکیل اور ذیشان اسلم عرف شانی کے نام سامنے آئے ہیں، جبکہ آرکیٹیکٹ کا نام محمد فرحان بصیر بتایا گیا ہے، جن کے کردار اور ذمہ داری کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق یونین کمیٹی نمبر تین محمود آباد کی جانب سے پلاٹ مالکان کو تین مرتبہ نوٹس جاری کیے گئے تھے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے بھی نوٹسز دیے، تاہم مالکان اور بلڈرز نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کر لیا تھا۔

میئر کراچی نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق ایڈمن سوسائٹی میں دو درجن سے زائد عمارتیں ایسی ہیں جہاں رہائشی پلاٹس پر تجارتی طرز کی تعمیرات جاری ہیں۔

دوسری جانب شہر میں غیر قانونی اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف جاری آپریشن سے متعلق کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو تفصیلی رپورٹ پیش کر دی ہے۔

کمشنر کراچی آفس کے مطابق 27 نومبر تک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے مجموعی طور پر 516 عمارتیں سیل کی ہیں، جبکہ زیر تعمیر 262 عمارتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 158 عمارتیں سیل کی گئیں، 12 کو نوٹس جاری کیے گئے اور ایک مقام پر معائنے کے وقت تعمیراتی کام رکا ہوا پایا گیا۔

ضلعی اعداد و شمار کے مطابق ضلع کورنگی میں 48 عمارتوں کے خلاف کارروائی میں 41 کو سیل اور سات کو نوٹس جاری کیے گئے، جبکہ ضلع کیماڑی میں 19 عمارتوں میں سے 12 سیل کی گئیں، پانچ کو نوٹس جاری ہوئے اور ایک مقام پر کام بند پایا گیا۔

اسی طرح ضلع غربی میں 12، ملیر میں 21، وسطی میں 64، جنوبی میں 61 اور شرقی میں 37 زیر تعمیر عمارتوں کا ریکارڈ مرتب کیا گیا، جن میں ضلع ملیر میں آٹھ، وسطی میں پانچ، جنوبی میں 55 اور شرقی میں تمام 37 عمارتیں سیل کی گئیں۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی معاونت سے انتہائی غیر محفوظ اور بلا اجازت زیر تعمیر عمارتوں کو منہدم کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں اور سخت قانونی اقدامات جاری رکھے جائیں۔

Related posts