حکومتی وفد کی بلاول بھٹو سے اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی گزشتہ روز حکومتی وفد سے ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ حکومتی وفد نے بلاول بھٹو سے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی توثیق کے حق میں ووٹ دینے کے لیے حمایت مانگی ہے۔
ذرائع کے مطابق زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے شرکت کی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورت حال اور گورنر راج کے معاملے پر تفصیلی بات ہوئی، حکومتی وفد نے اہم قانون سازی پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی اور آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا امکان بھی زیر غور آیا، جس میں قانون سازی اور دیگر قومی امور زیر بحث آ سکتے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مشاورت کے بعد حتمی مؤقف اختیار کیے جانے کا امکان ہے۔
قبل ازیں، پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس، ممکنہ قانون سازی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومتی رکن طارق فضل چوہدری کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی تجاویز پر جاری سیاسی بحث کے تناظر میں اہمیت رکھتی ہے اور بلاول بھٹو زرداری اس سے قبل نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت اور سندھ کی تقسیم کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر چھاپے کا معاملہ بھی اٹھایا اور اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کارروائی اور اہل خانہ کے ساتھ مبینہ سلوک کے معاملے کا ذاتی طور پر جائزہ لیں۔
حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔
اس گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ سیل کیے جانے کے معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا اور خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں کیا گیا، جس پر بلاول بھٹو زرداری نے ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے رہائش گاہ سیل کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کی۔