عینا آصف اور اذان سمیع کا نیا ڈرامہ سیریل تنقید کی زد میں کیوں ہے؟

پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی خوبرو اداکارہ عینا آصف اور گلوکار و اداکار اذان سمیع خان کی آنے والے نئے ڈراما سیریل ’رسوا تیرے عشق میں‘کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے، تاہم دونوں فنکاروں کو بطور رومانوی جوڑی پیش کیے جانے پر شائقین نے کاسٹنگ کے انتخاب پر سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے۔

ڈرامے کا پہلا پرومو ریلیز ہوتے ہی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین نے دونوں اداکاروں کی عمروں کے نمایاں فرق کی طرف توجہ مبذول کرائی۔

صارفین کی ایک بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ عینا آصف عمر میں اذان سمیع خان سے خاصی چھوٹی نظر آتی ہیں، جس کے باعث اسکرین پر ان کی رومانوی کیمسٹری فطری محسوس نہیں ہو رہی۔

صارفین نے پروڈیوسرز کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کہانی کے تقاضوں کے مطابق ہم عمر فنکاروں کا انتخاب زیادہ بہتر ہو سکتا تھا۔

واضح رہے کہ عینا آصف اس سے قبل بھی اپنے کم عمر ہونے کے باوجود سنجیدہ اور بڑی عمر کے کردار نبھانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر زیر بحث رہ چکی ہیں۔

دوسری جانب اذان سمیع خان نے موسیقی کے بعد اداکاری کے میدان میں اپنی منفرد پہچان بنائی ہے۔ ’رسوا تیرے عشق میں‘اذان سمیع خان کا مرکزی ہیرو کے طور پر پہلا ڈرامہ ہے اور یہ پروجیکٹ ان کے کیریئر کا ایک اور اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈرامے کی تخلیقی ٹیم اور دیگر فنکاروں کی بات کی جائے تو ’رسوا تیرے عشق میں‘ کی ہدایت کاری کے فرائض علی فرحان انچن نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی زاہد خان کے قلم سے نکلی ہے۔

مرکزی جوڑی کے علاوہ اس سیریل میں سدرہ نیازی، وشما فاطمہ، نوشین شاہ اور نوال پرویز ملک جیسے باصلاحیت فنکار بھی اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

Related posts