سفارت کاری کے ذریعے جنگ کا خاتمہ اب بھی ممکن ہے، عباس عراقچی
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جاری تنازع کے حل اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارت کاری کا راستہ اب بھی کھلا ہے اور تہران اب بھی سفارتی حل کا خواہاں ہے، تاہم اس کے لیے ایسا معاہدہ درکار ہے جو مستقبل میں جنگ کا راستہ روک سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، لیکن ایران کی شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ مذاکرات کو آگے بڑھانے سے قبل ایران امریکا کی سنجیدگی کی ضمانت چاہتا ہے اور اس سلسلے میں اعتماد سازی کے اقدامات پر ثالثوں کے ساتھ مشاورت بھی کی گئی ہے۔
عالمی تیل کی ترسیل کی اہم ترین سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایران کے مطالبات تسلیم کیے جانے تک یہ راستہ بند رکھا جائے گا۔
جوہری پروگرام سے متعلق ایران کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے یعنی این پی ٹی پر تہران کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا اور ایران کے جوہری نظریے میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
تاہم انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ افزودہ یورینیم کسی صورت ایران سے باہر منتقل نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایران کی عسکری قیادت کی طرف سے بھی سخت بیانات سامنے آئے ہیں۔
پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل علی بلالی کا کہنا ہے کہ میزائلوں کی تعیناتی کے معاملے پر ایران کو کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں ہے اور ایرانی مسلح افواج کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔
اسی طرح کمانڈر احمد وحیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے مخالفین کے پاس شکست تسلیم کرنے کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں بچا۔
ان کے مطابق ایران کے خلاف تقریباً بے مثال فوجی طاقت استعمال کی گئی، لیکن اس کے باوجود امریکہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
خطے میں جاری کشیدگی کے دوران سفارتی رابطوں اور عسکری تیاریوں کے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب عالمی سطح پر تنازع کے پھیلاؤ اور توانائی کی عالمی منڈیوں پر اس کے اثرات کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ آئندہ کی صورتحال کا انحصار ثالثوں کی کوششوں اور فریقین کے باہمی ردعمل پر ہوگا۔