نئے صوبوں پر پیپلز پارٹی نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا اور اگر پاکستان پیپلز پارٹی اس معاملے پر نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکالا جائے گا۔

خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے سندھ میں حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، نئے صوبوں کے معاملے پر سیاست دانوں کو اپنی ذات کے خول سے باہر نکل کر بات کرنی چاہیے۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی تحفظات سامنے نہیں آئے ہیں۔

ان کے مطابق وزیرِاعظم اس ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا ہو، جس کے لیے وزیرِاعظم نے صدر مملکت اور دیگر متعلقہ شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

سیاسی بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ اگر راستے بند کرنا شروع کر دیے گئے تو یہ سیاست، ملک اور عوام کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا دنیا میں نئے صوبے نہیں بنتے؟ ساتھ ہی کہا کہ سیاست میں بات چیت ہونی چاہیے لیکن جب خون خرابے کی باتیں کی جاتی ہیں تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایسی باتوں سے معاملے کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے۔

وزیرِ دفاع کا مزید کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی بحث میں سیاست دانوں کے ذاتی ایجنڈے سامنے آئے ہیں۔

ملکی نظم و نسق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ہائبرڈ سسٹم چل رہا ہے اور اس نظام میں ان کی جماعت کے علاوہ بھی پارٹنرز موجود ہیں۔

Related posts